کوئٹہ آنے والے مسافروں کی اسکریننگ کا فیصلہ
کوئٹہ :پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی لہر کے پیش نظر لاہور اور ملک کے دیگر شہروں سے کوئٹہ آنے والے مسافروں کی اسکریننگ کا فیصلہ کیا گیا ہے اس مقصد کے لئے کوئٹہ انٹر نیشنل ائیر پورٹ، ریلوے اسٹیشن اور آمدو رفت کے مقامات پر کوویڈ سمپل لینے کے لئے ٹیمیں مقرر کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے اپنے ایک ٹوئٹ میں پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان کمانڈ اینڈ آپریشنل سینٹر نے لاہور اور ملک کے دیگر شہروں میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے کیونکہ تعلیمی اداروں میں تدریسی سرگرمیوں کے آغاز کے ساتھ ہی لوگ بڑی تعداد میں کوئٹہ واپس آنا شروع ہو گئے ہیں بیرون از بلوچستان سے فلائٹ، ٹرین بسوں اور دیگر ذرائع سے کوئٹہ پہنچنے والے کوویڈ کیرئر بلوچستان میں وائرس کی ترویج کا باعث بن سکتے ہیں اس لئے بس ٹرمنلز، ریلوے اسٹیشن، کوئٹہ انٹر نیشنل ائیر پورٹ سمیت آمد و رفت کے مقامات پر کوویڈ سمپل لئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کورونا وائرس کی صورتحال سنگین نہیں تاہم کورونا وائرس کی ترویج کو روکنے کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانا ہوگا انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق شعوری آگاہی کے لئے محکمہ صحت بلوچستان نے خصوصی مہم کا آغاز کردیا ہے