سریاب روڈ کٹنگ سراسر تاجروں اور متاثرین کے ساتھ نا انصافی ہے، علی مدد جتک
کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدرحاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ حکومت سریاب روڈ کٹنگ کے متاثرین کو فوری طور پر مارکیٹ ریٹ پر زمین کی قیمت کی ادائیگی کو یقینی بنائے ،بغیر معاوضے کے لوگوں کو دکانوں اورگھروں سے بے دخل کرنے کی پاکستان پیپلز پارٹی مذمت کرتی ہے،سریاب روڈ کے متاثرین نے اگراحتجاج کی کال دی تو پاکستان پیپلز پارٹی اپنے عوام کے حقوق کے حصول کیلئے انکے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔ یہ بات انہوں نے پیر کو سریاب روڈ کٹنگ کے متاثرین کی جانب سے لگائے گئے احتجاجی کیمپ میں متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر انجمن تاجران و دکانداران بلوچستان کے چیئرمین ٹکر ی حمید بنگلزئی،حاجی بشیر جان،ملک محمد حسین شاہوانی اوردیگر بھی موجود تھےحاجی علی مدد جتک نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے اقتدار میں آنے سے قبل عوام کو روزگار اور گھردینے کے خواب دکھائے اقتدار میں آنے کے بعد حکمرانوں نے ابتک لاکھوں افراد کو بے روزگار اور بے گھر کردیا ہے عوام دو وقت کی روٹی کے محتاج ہوچکے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی غریب عوام کی جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوام کے حقوق کیلئے آواز بلند کی ہے سریاب روڈ کٹنگ کے متاثرین کو حکومت کی جانب سے 690روپے فی فٹ قیمت دینا سراسر تاجروں اور متاثرین کے ساتھ نا انصافی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ روڈ کٹنگ کے متاثرین کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق معاوضے کی ادائیگی کو یقینی بنائے تاکہ وہ اپنے لئے کسی دوسری جگہ پر زمین کی خریدکویقینی بناسکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت متاثرین جو رقم دے رہی ہے وہ اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے حقوق کے لئے انکے شانہ بشانہ کھڑی ہے اگر سریاب روڈ کٹنگ کے متاثرین نے احتجاج کی کال دی تو پاکستان پیپلز پارٹی انکے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔