بلوچستان کے عوام موجودہ حکومت سے تنگ آچکے ہیں،جمال شاہ کاکڑ
کوئٹہہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ تبدیلی کے نام پر بننے والی حکومت نے عوام کو بد امنی، بے روزگاری، مہنگائی کے علاوہ کچھ نہیں دیا آج ملک کا بچہ بچہ کمر توڑ مہنگائی سے بل بلا اٹھا ہے 26مارچ کو بلوچستان بھر سے مسلم لیگ(ن) کے شیر اسلام آباد کی جانب نکلیں گے اور ثابت کریں گے وہ اب نااہل حکومت کو مزید نہیں چلنے دیں گے، یہ بات انہوں نے اتوار کوموسیٰ خیل میں مسلم لیگ(ن) کے زیر اہتمام مہنگائی، بے روزگاری، بد امنی اور حکومت کے خلاف نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر حیدر خان اچکزئی، آصف سلامت، مسلم لیگ(ن) ضلع موسیٰ خیل کے صدر جلیل موسیٰ خیل سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ 2013سے 2018تک عمران خان نے عوام کو سبز باغ دیکھائے انہوں نے یہ تاثر دیا کہ ملک کو آتے ہی ترقی یافتہ اور ریاست مدینہ میں تبدیل کردیں گے، ملک کے تمام قرضے ختم کرکے عوام کو ایک کروڑ
نوکریاں،پچاس لاکھ گھر دیں گے لیکن اس کے برعکس گزشتہ اڑھائی سالوں میں عوام کو بے روزگاری، مہنگائی کے علاوہ کچھ نہیں ملا، قرضے لینے کو خو دکشی کے مترادف قرار دینے والے شخص نے ملکی معیشت کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ کر ریکارڈ قرضہ لیا ہے بجلی، گیس، پیٹرول، اشیاء خورد ونوش مہنگی ترین سطح پر لائی گئی ہیں مسلم لیگ(ن) کے دور میں روپے کی قدر بہتر ہو رہی تھی ڈالر 100روپے سے نیچے تھا آج وہی ڈالر 160روپے کا کردیا گیا ہے عوام آج جب سوال کرتے ہیں کہ عمران خان بتائیں کہ وہ دعوے او ر وعدے وفا کیوں نہیں ہوئے تو حکمرانوں کے پاس کوئی جواب نہیں ہے حکومت نے اپنی ہر نااہلی کا ملبہ ماضی کی حکومتوں پر ڈالنا وطیرہ بنا لیا ہے انہوں نے کہا کہ آج بلوچستان میں آئے روز دہشتگردی، چوری،ڈکیتی کی وارداتیں ہورہی ہیں بد امنی اور لاقانونیت عروج پر ہے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں نہ ملزم گرفتار ہوتے ہیں اور نہ ہی کسی کو سزا مل رہی ہے بلوچستان کے عوام اب موجودہ حکومت سے تنگ آچکے ہیں انہوں نے فیصلہ کرلیا ہے کہ موجودہ حکومت کو مزید نہیں چلنے دیں گے انہوں نے کہا کہ 26مارچ کو بلوچستان بھر سے قافلے پی ڈی ایم کے لانگ مارچ میں شامل ہوکر اسلام آباد جائیں گے اور حکومت کے خاتمے کے بعد واپس لوٹیں گے