ہم ملکربلوچستان کی ترقی کے لئے کام کریں گے، جام کمال خان
کوئٹہ :بلوچستان، عوامی پارٹی کے صدر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اور ملک کے استحکام کے لئے ہم سب کو ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے، چیئر مین اور ڈپٹی چیئر مین سینیٹ کے انتخاب میں حکومتی اتحادی جماعتوں کی کامیابی مستقبل کی جانب مثبت اقدام ہے اب ہم ٹیم کی طرح ملکر ملک اور بلوچستان کی ترقی کے لئے کام کریں گے، یہ بات انہوں نے ہفتہ کو اسلام آباد میں چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی، ڈپٹی چیئر مین مرزا خان آفریدی سمیت حکومتی اتحادی جماعتوں کے پارلیمنٹرینز کے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے مشکور ہیں کہ انہوں نے بی اے پی پر اعتماد کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ کے عہدے پر بلوچستان کو نمائندگی دی چیئر مین اور ڈپٹی چیئر مین کے انتخاب میں حکومتی اتحادیوں نے بھی ہماری مدد کی
جس پر انکے مشکور ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اہم ترین عہدے پر فاٹا کو نمائندگی ملی ہے جسے فاٹا کی عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومتی اتحادی جماعتوں کی کوشش ہے کہ پاکستان کے لوگوں اور ملک کے استحکام کے لئے کام کریں سینیٹ میں بھی اتحادی جماعتوں کو اچھی نمائندگی ملی ہے ہم مثبت انداز میں پاکستان کی خدمت جاری رکھیں گے اور آنے والے چیلنجز کا اسی طرح مقابلہ کریں گے جیسے ہم نے سینیٹ انتخابات میں کیا آنے والے دور میں بھی اتحادی جماعتیں ملکر تمام چیلنجز کا مقابلہ کریں گی،انہوں نے کہا کہ چیئر مین ڈپٹی چیئر مین اپنے منصب پر پہلے سے بہتر کارکردگی دیکھائیں گے اب ہم ایک ٹیم ہوگئے ہیں پہلے ڈپٹی چیئر مین کا منصب ہماری ٹیم میں سے نہیں تھا لیکن اب ہم ایک ٹیم ہو کر مزید بہتر کام کریں گے