عوام کی منتخب کردہ حکومت کا قیام ضروری ہے، جمال شاہ کاکڑ
کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی بقاء اور سلامتی کے لئے ملک میں حقیقی جمہوریت،آئین و پارلیمنٹ کی بالادستی، عوام کی منتخب کردہ حکومت کا قیام ضروری ہے حکومت ملکی سالمیت کے اداروں کواپوزیشن کے خلاف استعمال کرنے میں مصروف ہے،مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی نے عوام کی زندگیاں اجیرن کردی ہیں، مشکل دور میں مسلم لیگ ن میں شمولیتوں کا سلسلہ اس بات کی نوید ہے کہ قوم اپنا مسائل کا حل مسلم لیگ ن کی شکل میں دیکھنا چاہتی ہے۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ میں قبائلی و سیاسی رہنماء حاجی محمود خان مہمند کی اپنے قبیلے کے افراد کے ہمراہ مسلم لیگ ن میں شمولیت کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ملک ظاہر کاکڑ، نصیر خان اچکزئی، حیدر اچکزئی، جاوید اعوان، نثار خان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) ایک بار پھر تاریخ کے مشکل دور سے گزر رہی ہے حکومت وقت سے اپنے تمام تر وسائل اور طاقت مسلم لیگ(ن) اور اپوزیشن کو زیر کرنے میں صرف کردی ہے لیکن حکومت کو یہ معلوم نہیں ہے کہ مسلم لیگ(ن) کو اسکے قیام کے سے لیکر آج تک ختم کرنے کی تما م کوششیں ناکام ہوئی ہیں اور آئندہ بھی ناکام ہونگی مسلم لیگ(ن) پیرا شوٹر نہیں بلکہ عوام کے دلوں میں بسنے والی جماعت ہے ہماری جڑیں عوام سے ہیں اور عوام کی طاقت کو نہ کبھی خاموش کروایا جاسکا اور نہ ہی ختم کیاجاسکا ہے
انہوں نے کہا کہ پاکستان تاریخ کے مشکل دور سے گزر رہا ہے گزشتہ دور حکومت میں میاں نواز شریف کی قیادت میں سی پیک سمیت دیگر میگا منصوبوں کی داغ بیل ڈالی گئی ہونا یہ چاہیے تھا کہ وہ منصوبے آج مکمل ہوتے اور حکومت نئے میگا منصوبے شروع کرتی مگر اس کے بر عکس آج سی پیک منصوبے کی رفتار کم کردی گئی ہے،تین سال ہونے کو ہیں حکومت نے کوئی میگا تو کیا چھوٹا منصوبہ بھی شروع نہیں کیا تبدیلی کے بڑے بڑے دعوے کرنے والے حکمران آج عوام کو مہنگائی، بے روزگاری، معیشت کی تباہ حالی اور بد امنی کے دلدل میں جھونک چکے ہیں اگر موجودہ حکومت مزید چلی تو ملکی سالمیت داؤ پر لگا دی جائیگی انہوں نے کہا کہ آج عوام کو نواز شریف کا سنہرا دور یا دآرہا ہے کہ جب ملکی معیشت بہتری کی راہ پر گامزن تھی، مہنگائی کا جن قابو میں تھاعوام خوشحالی کی طرف جارہے تھے، میگامنصوبے، موٹروے بن رہے تھے آج عوام ایک بار پھر اپنے مسائل کا حل مسلم لیگ(ن) کی شکل میں دیکھ رہے ہیں اور پارٹی نے نہ پہلے کبھی عوام کو مایوس کیا اور نہ ہی مستقبل میں مایوس کریں گے 26مارچ کو شروع ہونے والے مارچ حکومت کے خاتمے کی نوید لیکر آئیگا۔ اس موقع پر حاجی محمود خان مہمند نے اپنے قبیلے کے افراد کے ہمراہ مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں پارٹی کو فعال کرنے میں صرف کریں اور مسلم لیگ(ن) اور میاں نواز شریف کا پیغام گھر گھر عام کریں گے