وزیراعظم نے مرزا آفریدی کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نامزد کر دیا

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے مرزا محمد آفریدی کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نامزد کر دیا۔وزیر اعظم عمران خان نے سینیٹرز کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے کے موقع پر مرزا آفریدی کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نامزد کرنے کا اعلان کیا۔ مرزا محمد آفریدی کا تعلق فاٹا سے ہے۔

ظہرانے میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کے نام پر بھی مشاورت ہوئی جبکہ اتحادیوں نے فیصلے کا اختیار وزیر اعظم عمران خان کو دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ پہلے اور آئندہ بھی عمران خان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ اتحادیوں کے تحفظات جلد دور کر دیے جائیں گے۔ اتحادی اراکین حکومت کا اہم حصہ ہیں اور آپ کا مشکور ہوں کہ آپ نے ہر موقع پر ہمارا ساتھ دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں پارلیمنٹ میں اکثریت نہ ہونےسے قانون سازی میں مشکلات پیش آئیں۔ سینیٹ میں اکثریت کےبعدقانون سازی آسان ہوگی۔ پرانے نظام کی تبدیلی بغیرقانون سازی کےممکن نہیں۔

عمران خان نے کہا کہ 2 سال میں ہماری کوشش عوامی مفاد کی قانون سازی پر ہوگی۔ ہماری ترجیحات عوام کوریلیف فراہم کرناہے۔ معیشت کا ڈھانچہ ٹھیک نہ ہو تو وقتی ریلیف کا فائدہ نہیں ہوتا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مہنگائی سمیت مسائل سے آگاہ ہوں،معیشت کو ٹریک پر کھڑا کردیا ہے۔ ہم ملک کو ایسا نظام دینا چاہتے ہیں جو دیرپا اور نتیجہ خیز ہو۔پرانے نظام کو ختم کر کے نیا سسٹم لانے میں وقت لگتاہے۔

انہوں نے کہا کہ اتحادیوں کے تحفظات سے آگاہ ہوں، مایوس نہیں کریں گے۔ ابھی بھی ہمارے سینیٹرز کے ساتھ رابطے کیے جارہے ہیں۔ ہم نے نظام کو شفاف بنانا ہے تاکہ کرپشن کی گنجائش نہ ہو۔ انشاءاللہ ایوان بالامیں کامیاب ہوں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سینیٹرز سے گفتگو میں ووٹ ڈالنے کے طریقہ کار پر زور دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے