سینٹ کے الیکشن پر حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے ،سرداربلند جوگیزئی
کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے ترجمان سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ چیئرمین سینٹ کے الیکشن پر حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے پی ڈی ایم کے سینیٹرز کو خوفزدہ کرنے کیلئے کالز کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے حکومت چیئرمین سینیٹ الیکشن جیتنے کیلئے اخلاقیات سے گر گئی ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ سینٹ میں نمبر گیم اور اخلاقیات دونوں پی ڈی ایم کے حق میں ہیں حکومت صرف اوچھے ہتھکندے استعمال کرکے چیئرمین سینیٹ کے الیکشن جیت سکتی ہے۔ترجمان نے کہا کہ سینٹ کے آج ہونے والے چیئرمین اورڈپٹی چیئرمین کے انتخابات میں پی ڈی ایم میں شامل اتحادی جماعتیں پیپلزپارٹی کے سید یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین اور مولانا عبدالغفور حیدری کو ڈپٹی چیئرمین کے عہدے پر کو کامیاب بنائیں گی۔
ترجمان نے کہا کہ حکومت سینٹ کے چیئرمین اورڈپٹی چیئرمین کی انتخابات میں اپنی ہار کو دیکھتے ہوئے اوچھے ہتھکنڈوں پراتر آئی ہے اور پی ڈی ایم کے سینیٹرز کو پی ڈی ایم کے امیدواروں کو ووٹ نہ دینے کیلئے کالز کی جارہی ہیں جس کی پاکستان پیپلز پارٹی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اوپن بیلٹ کے نعرے لگانے والی حکومت اب سیکرٹ بیلٹ کے گن گانے لگی ہے سینیٹ میں پی ڈی ایم کی اکثریت ہے انشاء اللہ آج سینٹ کے چیئرمین اورڈپٹی چیئرمین کے
انتخابات میں پی ڈی ایم کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے اور حکومت کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔