پاکستان کوسٹ گارڈزکی مختلف کاروائیوں میں سات کروڑ روپے کی مالیت کے لگ بھگ 1019.50 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد

اوتھل : پاکستان کوسٹ گارڈز نے اسمگلنگ کے خلاف مختلف کاروائیوں میں سات کروڑ روپے کی مالیت کے لگ بھگ 1019.50 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس،ایک لاکھ 43 ہزار 5 سو لیٹر ایرانی ڈیزل،3597 کلوگرام چھالیہ،2583 کلوگرام غیرملکی کپڑا،6 ٹرک برآمد کرکے 13 افراد کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی۔پاکستان کوسٹ گارڈز کے ترجمان کے پریس ریلیز کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز علاقے میں غیر قانونی کاروبار / اسمگلنگ کے خلاف کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ گزشتہ دو ہفتوں کی کاروائیوں کے مطابق گوادر شہر کے قریب نیلیٹ کے پہاڑی علاقوں میں غیر قانونی طریقے سے چھپائی گئی 1010کلوگرام اعلی کوالٹی کی چرس برآمد کر لی گئی۔جب کہ اوتھل میں موبائل گشت کے دوران ایک ٹرک سے 6800 لیٹرایرانی ڈیزل برآمدکر تے ہوئے دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ایک اور کاروائی میں ناکہ کھارڑی چیک پوسٹ وندر ضلع لسبیلہ میں مسافر کو چ میں سوار مسافرکے بیگ سے 9.50کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کوگرفتار کر لیا۔ ناکہ کھارڑی چیک پوسٹ پر ہی مزدا ٹرک سے 14ہزار لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کر تے ہوئے دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ ضلع لسبیلہ کے ساحلی علاقے ڈام سے غیر قانونی طریقے سے چھپایا گیا 64200لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کر لیا گیا۔ ناکہ کھارڑی چیک پوسٹ پر مختلف گاڑیوں کی تلاشی کے دوران3597 کلو گرام چھالیہ،2593 کلو گرام غیر ملکی کپڑا اور متفرق اشیاء برآمد کر کے ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔ جب کہ پسنی کے علاقے شادی کور ندی میں دوران گشت ایک ائل ٹینکر سے 17ہزار اور زمین میں چھپایا گیا 25ہزار لیٹرایرانی ڈیزل برآمد کر لیا گیا۔ایک اور کاروائی میں گوادر کے قریب پاک ایران بارڈر سے چار تارکین وطن کو گرفتارکیا گیا جو کہ تمام پاکستانی شہر ی ہیں اور غیر قانونی طورپر بیرون ملک جانے کی کو شش کر رہے تھے۔ کراچی سپر ہائی و ے سے دوران چیکنگ 3ٹرکوں سے16500لیٹر ایرانی ڈیزل برآمدکرتے ہوئے 3 افراد کوحراستمیں لے لیا گیا۔ تمام اسمگل کی جانے والی منشیات، چھالیہ، متفرق اشیاء، 1لاکھ43ہزار 5سو لیٹر ایرانی ڈیزل،06عدد ٹرک اور13افراد کو پاکستان کوسٹ گارڈزنے اپنی تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔پکڑی جانے والی منشیات،چھالیہ اور متفرق اشیاء کی مالیت تقریباً 7کروڑ روپے کے لگ بھگ ہے۔پاکستان کوسٹ گارڈز اس امر کا اعادہ کرتی ہے کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی کاروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رکھے گی تا کہ وطنِ عزیز کو اس لعنت سے نجات دلائی جا سکے اور اس مقصد کے حصول کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے