خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں،میر ضیاء لانگو
کوئٹہ:صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ خواتین کی عملی میدان میں شمولیت کے بغیر کوئی معاشرہ یا قوم ترقی نہیں کرسکتی۔ موجودہ صوبائی حکومت خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے پرعزم ہے خواتین کو عملی میدان میں آگے بڑھنے کیلئے برابری کے مواقع دیں گے اورانہیں بااختیار بنائینگے وزیر داخلہ بلوچستان نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہاہے کہ خواتین کی عزت و احترام ہماری سماجی، معاشرتی اور مذہبی اقدار کا حصہ ہے اور خواتین کو جو حقوق دین اسلام میں دیئے گئے ہیں، مغرب اس کا تصور بھی نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہاکہ خواتین پاکستان کی آبادی کا تقریباً50 فیصدسے زائد ہے اورپاکستانی خواتین کو ترقی کے مساوی حقوق دینا بلوچستان عوامی پارٹی کا مشن ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی قیادت میں موجودہ حکومت خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہاکہ خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں۔خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنا حکومت اور معاشرے کی اولین ذمہ داری بھی ہے اور صوبائی حکومت اپنی یہ ذمہ داری بطرحق احسن ادا کرے گی۔ بلوچستان کے پسماندہ اضلاع میں بسنے والی خواتین کو معاشرتی اور معاشی طور پر مضبوط بنائیں گے۔ خواتین کو عزت، ترقی اور تحفظ دیں گے۔ خواتین کی تعلیم اور صحت کیلئے اختراعی منصوبے لائیں گے۔ خواتین کے لیئے کالجز اور ماں بچے کیلئے نئے ہسپتال بنائے جائیں گے۔ ملازمت پیشہ خواتین کیلئے ہاسٹل اور ڈے کیئر سنٹر کی سہولت میسر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ملک کی اقتصادی اور سماجی ترقی کیلئے خواتین کے عملی میدان میں کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔پاکستانی خواتین باصلاحیت اورمحنتی ہیں جنہوں نے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی خواتین نے اپنی صلاحیت اور محنت کے ذریعے مختلف شعبوں میں نام کمارہی ہیں۔ پاکستان میں خواتین کوبااختیار بنانے کیلئے انقلابی نوعیت کے اقدامات کئے جائیں گے۔اور آج خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے تمام اقدامات پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کرنا ہوگا۔