خواتین کو اسلام کے مطابق حقوق دیئے جائیں،نوابزادہ جمال رئیسانی
کوئٹہ:نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کو پرامن اور تعلیمی یافتہ بنانے کے لئے قبائلی تنازعات کا خاتمہ ناگزیر ہے بلوچستان کے محرومیوں کا ذمہ دار وہ عناصر ہے جو علاقے کی ترقی و خوشحالی نہیں چاہتے،خواتین کو اسلام کے مطابق حقوق دیئے جانے چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبائلی عمائدین سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں بلوچستان کے ایک روایت برقرار تھی کہ بلوچستان میں تمام معاملات کو قبائلی سطح پر حل کیا جاتا تھا مگر اب بدقسمتی سے قبائلی روایات کو پامال کردیاگیا اور لوگوں کے زمینوں پر قبضہ کرکے کچھ عناصر اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے پشتون بلوچ اقوام کو چاہیئے کہ وہ اپنے معاملات کو حل کرنے کے لئے قبائلی روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے حالات بہتر کرنے میں کردار ادا کرے، جب تک بلوچستان میں قبائلی تنازعات کا خاتمہ نہیں کیا جاتا اس وقت حالات بہتری کی طرف نہیں جائے گی ہم سب پر ذمہ داری بنتی ہے کہ ان حالات کو بہتر کرنے کے لئے سب کو اپنا کردار اداکریں۔