اسد خان اچکزئی کے اغوا اور قتل کے خلاف صوبے کے مختلف علاقوں میں مکمل ہڑتال
کوئٹہ: عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے رہنما اسد خان اچکزئی کے اغوا اور قتل کے خلاف صوبے کے مختلف علاقوں میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ اتوارکو عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے رہنما اسد خان اچکزئی کے اغوا کے بعد قتل کے خلاف بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سوگ کا سماں رہا۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت چمن، پشین، ژوب، لورالائی، زیارت، موسیٰ خیل، قلعہ سیف اللہ، ہرنائی، دکی، سنجاوی اور قلعہ عبداللہ میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔بڑے شہروں اور قصبات میں احتجاجاً بازار، مارکیٹیں اور تجارتی مراکز بند رہے، سڑکوں پر ٹریفک بھی نہ ہونے کے برابر تھی جس کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ ا۔واضح رہے کہ اسد خان اچکزئی ناصرف ایک سیاسی رہنما تھے بلکہ وہ اچکزئی قبیلے میں بھی اہم مقام رکھتے تھے، انہیں 5 ماہ قبل کوئٹہ کے ایئرپورٹ روڈ سے اغوا کیا گیا تھا۔پولیس نے گزشتہ روز ان کی لاش ایک گرفتار ملزم کی نشاندہی پر نوحصار سے برآمد کی تھی۔