صوبے میں ترقیاتی اسکیمات کا ڈیٹا بیس مرتب کرکے جی آئی ایس سسٹم سے منسلک کیا جارہا ہے، جام کمال خان
کوئٹہ :وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان سہولت شفافیت اور عوام کی خدمت کا جذبہ لئے پائیدار ترقی کے حصول کی جانب رواں دواں ہے،صوبے میں ترقیاتی اسکیمات کا ڈیٹا بیس مرتب کرکے جی آئی ایس سسٹم سے منسلک کیا جارہا ہے تمام اضلاع کی ضروریات کے مطابق انکی پروفائلنگ کی جائیگی، یہ بات انہوں نے ”این این آئی“ سے مختصر گفتگو میں کہی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے پرانے نظام کی جگہ نئے اور جدید نظام لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے صوبے میں جاری ترقیاتی اسکیمات کا ڈیٹا بیس مرتب، بہتر ٹریکنگ اور ڈیجیٹل مانٹرنگ یقینی بنا نے کا سلسلہ شروع کردیا ہے اس منصوبے کے تحت جیو گرافیکل انفارمیشن سسٹم اور پی ایس ڈی پی آٹومیشن کا اجراء کردیا گیا ہے منصوبے کے تحت جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ہرمنصوبے کے لئے ایک مخصوص بار کوڈ آبادی اور علاقے کی ضروریات کے مطابق ترقیاتی اسکیموں کی حکمت عملی میں مدد ڈسٹرکٹ پروفائلنگ سے تحصیل اور میونسپلٹی کی سطح پر ترقیاتی منصوبوں کی بہتر نفاذڈیجیٹل مانٹرنگ سے تعلیم،صحت اور مواصلات کا نظام زیادہ مربوط اور موثر ہوگا انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت سہولت شفافیت اور عوام کی خدمت کا جذبہ لئے پائیدار ترقی کے حصول کی جانب رواں دواں ہے۔