بھارتی انتہا پسندی حد سے بڑھتی جا رہی ہے، شجاعت حسین
لاہور: مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ جنگ کسی مسئلہ کا حل نہیں، کشمیر کا مسئلہ بات چیت کے ذریعے ہی حل ہو گا۔
تفصیل کے مطابق سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے یہ بات آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری سے ملاقات کے موقع پر کہی۔
چودھری برادران کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں بیرسٹر سلطان محمود نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اس موقع پر موجودہ ملکی سیاسی صورتحال سمیت کشمیر کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیاملاقات میں سینیٹر کامل علی آغا، چودھری صباحت الہٰی اور رانا خالد بھی شریک ہوئے۔
چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ کشمیر کے حوالے سے کشمیریوں کی رائے کو اہمیت دینی چاہیےیہ سہ فریقی مسئلہ ہے جس کے اصل فریق کشمیری عوام ہیں کشمیریوں کی رائے کے بغیر کوئی بھی حل کسی کو قابل قبول نہیں ہوگا۔
چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ قومی مسئلہ ہے۔
تمام سیاسی رہنما پارٹی سیاست سے بالاتر ہو کر سوچیں بھارتی انتہا پسندی حد سے بڑھتی جا رہی ہے، عالمی دنیا نوٹس لے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ دنیا کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کو بند کروائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے جنگیں کر کے دیکھ لیا ہے جس کا کوئی حل نہیں نکلا، بھارت بے گناہ کشمیریوں پر ظلم بند کرے۔