عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے گا، جام کمال

کوئٹہ: وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت اجلاس میں آئندہ مالی سال 2021 -22 بجٹ کی تیاری،جغرافیکل انفارمیشن سسٹم (GIS) کے ذریعے کثیرالجہتی ڈیٹا مرتب کرنے، ترقیاتی اسکیمات کی ٹریکینگ اور مونیٹرنگ،پی ایس ڈی پی آٹومیشن اور 105 ترجیحی اسکیمات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر حاجی محمد خان طور اتمانخیل، مٹھا خان کاکڑ،چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات عبدالصبور کاکڑ، سیکریٹری کلچر اصغر حریفال،سیکرٹری معدنیات ظفر بخاری، سیکرٹری لائیو سٹاک و ماحولیات محمد طیب لہڑی،سیکرٹری اطلاعات سہیل الرحمن اور ڈی جی محکمہ تعلقات عامہ عمران زرکون سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات نے جاری اور نئی ترقیاتی اسکیمات،فنڈز کی اتھارائزیشن، 105 ترجیحی اسکیمات،پی ایس ڈی پی ٹائم لائن 2021- 22، پی ایس ڈی پی سٹریٹجی 2021 -22 اور دیگر متعلقہ امور پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کے تمام ترقیاتی اسکیمات کے پی سی ون کی تیاری سے قبل اسکیمات کے کانسیپٹ پیپرز بنائے جائیں گے۔ انہوں نے ضلعی پروفائل، گزشتہ اڑھائی سالوں کی ترقیاتی اسکیمات، وفاقی پی ایس ڈی پی اور جنوبی بلو چستان ترقیاتی پیکج سے متعلق اجلاس کو بریف کیا۔ اجلاس کو چیف منسٹر ڈلیوری یونٹ کی جانب سے ترقیاتی اسکیمات کی بہتر ٹریکنگ اور مانیٹرنگ سے متعلق کثیرالجہتی ڈیٹا بیس سسٹم مرتب کرنے اور جامع حکمت عملی کے تحت ترقیاتی اسکیمات کی ڈیجیٹل بنیادوں پر مانیٹرنگ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ ہم نے گزشتہ ڈھائی سالوں کے دوران ترقیاتی عمل میں کسی بھی شعبے کو نظر انداز نہیں کیا اور ہمارا آئندہ بجٹ بھی جامع ہوگا۔ عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ تمام ترقیاتی اسکیمات کے پی سی ون کی منظوری سے قبل کانسیپٹ پیپرز کی تیاری ضروری ہوگی۔علاقوں کی ضروریات اور موزویت کے مطابق جامع پلاننگ کی جائے گی۔وزیراعلی نے ہدایت کی کہ جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی بنیادوں پر ہر منصوبے کا ایک بار کوڈ ہو جو براہ راست محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات سے بھی منسلک ہو تاکہ آبادی اور ضروریات کی بنیادوں پر ترقیاتی اسکیمات کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے نظام کو بھرپور انداز سے فعال بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ بہتر مانیٹرنگ سے تعلیم،صحت اور مواصلات کا نظام زیادہ موثر اور مربوط ہوگا جس سے صوبے کی عوام کو سہولیات کی فراہمی بھی آسان ہوگی اور پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول بھی ممکن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ پروفائلنگ سے تحصیل اور میونسپلٹی کی سطح پر ترقیاتی منصوبوں کا نفاذ احسن انداز سے ہوسکے گا جس سے بالعموم صوبے کی عوام مستفید ہو گی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہم سب کا ہے اور بہتر حکمت عملی اور پلاننگ سے سوشو اکنامک بہتری آتی ہے صوبہ کا رقبہ یقینا وسیع ہے لیکن اس وسعت میں بے پناہ وسائل پنہاں ہے وزیراعلی نے کہا کہ جب ہمارے پاس تحصیل اور یونین کی سطح پر ڈیٹا موجود ہوگا تو امور کی انجام دہی زیادہ سہل ہو گی۔انہوں نے ڈائریکٹر جنرل محکمہ تعلقات عامہ کو حکومتی اقدامات کو اجاگر کرنے کیلئے بھرپور آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی گزشتہ ڈھائی سالہ کارکردگی اور آٹومیشن سسٹم پر عوامی شعور اور آگہی کے لیے خصوصی ڈاکیومینٹریز بنائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ فیصلے ذاتی خواہشات کی بجائے دستیاب ڈیٹا پر مبنی ہونے چاہیے انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پی ایس ڈی پی کی بہتر مانیٹرنگ کے لیے دستیاب ڈیٹا کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔وزیراعلی نے سیکرٹری کلچر کو تفریحی مقامات پر ترقیاتی منصوبوں پر جلد عمل درآمد کے لیے مذکورہ منصوبوں کی پی سی ون کی جلد تیاری کی ہدایت بھی کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے