پاک افغان سرحد پرباڑکی تنصیب سے سرحدی دفاع مضبوط ہوگا،میرضیاء لانگو
چمن : صوبائی وزیر داخلہ ضیاء اللہ لانگو، سیکرٹری داخلہ حافظ عبدالباسط، کمشنر کوئٹہ ڈویژن اسفندیارکاکڑ نے گزشتہ روز پاک افغان سرحدی زیرو پوائنٹ کا دورہ کیا، ڈپٹی کمشنرقلعہ عبداللہ طارق جاوید مینگل نے ڈپٹی کمشنرآفس میں انہیں مکمل بریفنگ دی جبکہ زیروپوائنٹ پر کمانڈنٹ چمن سکاٹس کرنل راشدصدیق نے مکمل بریفنگ دی اس موقع پر وزیرداخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہاکہ پاک افغان سرحد پرباڑکی تنصیب سے سرحدی دفاع مضبوط ہوگا۔ماضی میں سرحدی علاقوں پر کالعدم گروہوں،اسمگلروں اورغیرقانونی سرگرمیوں کے اڈے بن گئے تھے۔باڑ لگانے سے غیر قانونی نقل وحرکت اورمنفی سرگرمیاں روکنے میں مدد ملے گی۔دریں اثناء پیرکوصوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو کی زیرصدارت پاک افغان بارڈر باڑ سے متعلق چوتھی میٹنگ قلعہ عبداللہ میں منعقد ہوئی۔اجلاس میں پاک افغان بارڈر پر باڑمنصوبے پر عمل درآمد کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے شرکا نے باڑ سے متعلق ممکنہ معاشی اثرات اور منصوبے پر اب تک ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام کو منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب آپشنز زیر غور لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبہ صوبے میں امن وامان کی صورتحال کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ناگزیر ہے جس پر عملدرآمد وقت حاضر کی اہم ترین ضرورت ہے۔پاک افغان سرحد بارڈر پراب تک لگائی جانے والی 187 کلومیٹرباڑ لگانے سے صوبے میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ بارڈر پر باڑ کی تنصیب دونوں ممالک کے مشترکہ مفاد میں ہے۔ پائیدار امن کیلئے باڑ کی تنصیب سمیت مربوط بارڈر پر مزید موثر سکیورٹی میکنزم بھی ضروری ہے۔پاک افغان بارڈر پر باڑ کی مکمل ہونے سے اسٹریٹجک، دفاعی اور معاشی فوائد کیساتھ اغوا برائے تاوان کا نیٹ ورک کا خاتمہ کرنے میں بھی مدد ملے گی۔وزیرداخلہ نے کہا کہ مختصر عرصہ میں چار اجلاسوں کے انعقاد سے پاک افغان بارڈر پر باڑ سے متعلق عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے کی بروقت تکمیل اور لوگوں کو اس حوالے سیدرپیش مسائل کا فوری حل کو یقینی بنایا جاسکے گا۔