فضل الرحمان کرپٹ نظام کے بینیفشری ہیں :وزیراعظم عمران خان
راولپنڈی: وزیراعظم عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ویڈیو سے میرے مؤقف کی تائید ہوئی، سوال یہ نہیں ہونا چاہیئے کہ ویڈیو کی ٹائمنگ کیا ہے، میرے پاس ویڈیو ہوتی تو اپنے خلاف مقدمات میں عدالت پیش کرتا، سینیٹ کی ایک سیٹ کا ریٹ 50 سے 70 کروڑ روپے لگ چکا، کیسے ممکن ہے پیسہ لگا کر سینیٹر بننے والا پیسہ نہیں بنائے گا۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ یاد رکھیں اگر اوپن بیلٹنگ نہ ہوئی تو اپوزیشن والے روئیں گے، خفیہ ووٹنگ کے تحت حکومت کو اپوزیشن سے زیادہ سیٹیں مل سکتی ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں سینیٹ الیکشن کے کرپٹ نظام کو سپورٹ کر رہی ہیں، فضل الرحمان اس نظام کے سب سے بڑے بینیفشری ہیں، سسٹم تبدیل ہونے کے نتائج آئندہ دو تین سال میں سامنے آئیں گے۔ وزیراعظم نے کرکٹ ٹیم کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کا بنیادی ڈھانچہ درست ہوچکا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ غلط وقت پر 2 بارشیں ہوئیں جس سے گندم کی پیداوار کم ہوئی، آٹے کی قیمت نہ بڑھے اس لیے گندم درآمد کر رہے ہیں، ڈالر کا ریٹ بڑھنے سے ہر چیز مہنگی ہوئی، ہماری کوشش ہے کہ اپنی برآمدات بڑھائیں۔
اس سے قبل احساس کفالت پروگرام کے دوسرے مرحلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ احساس کفالت پروگرام میں غیر سیاسی طور پر امدادی کیش فراہم کر رہے ہیں، مستحق افراد کو اپنے پاؤں پرکھڑا کرنے کیلئے چھوٹے کاروبار کیلئے سہولت فراہم کرینگے، نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم پر کام شروع ہوچکا ہے۔