پنجاب میں بلوچستان کے طلباء کی نشستوں کی بحالی کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، گورنریاسین زئی
کوئٹہ: گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ وفاق اور صوبہ پنجاب میں بلوچستان کے طلباء کی اسکالرشپ اور سیٹوں کے حوالے سے درپیش مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں. اس ضمن میں ہم گورنر پنجاب سمیت سے دیگر تمام متعلقہ اداروں کے سربراہان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں. توقع ہے کہ بلوچستان کے طلباء کو درپیش مشکلات کا بہت جلد پائیدار حل نکالا جائے گا. یہ بات انہوں نے پیر کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں صوبہ بلوچستان کی میڈیکل سیٹوں پر منتخب ہونے والے طلباء و طالبات پر مشتمل ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کئی. ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ آج کے طلباء ہمارے روشن مستقبل کے معمار ہونے کے ساتھ ساتھ ہمارے حال کے بھی شراکت دار ہیں لہٰذا ان کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے اور انکے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھانا ہماری ذمہ داریوں میں شامل ہیں۔گورنر یاسین زئی نے وفد کو بتایا کہ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بلوچستان کے طلباء کو درپیش مشکلات سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو بھی اپنے بلوچستان کے دورے کے موقع پر بھی آگاہ کیا تھا اور گورنر پنجاب نے بلوچستان کے طلباء کیلئے سکالرشپ کی بحالی اور دیگر تعلیمی مسائل کے حل کے حوالے سے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر صوبوں بالخصوص پنجاب کے اعلیٰ تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد یہی اسٹوڈنٹس ملک و صوبے کی تعمیر وترقی میں اہم کردار ادا کریں گے. صوبہ بلوچستان کے طلباء کے تعلیمی ذوق وشوق کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کی تعلیم سے گہری دلچسپی ہی ہمارے روشن مسقبل کی ضمانت ہے۔گورنر بلوچستان نے وفد کو درپیش مسائل ومشکلات کے پائیدار حل پانے کیلئے اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔