پی ڈی ایم کا اجلاس آج اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی صدارت میں ہوگا
اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا سربراہی اجلاس آج اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی صدارت میں ہوگا۔ اجلاس میں پی ڈی ایم کے سربراہان اور مرکزی رہنما شرکت کرینگے۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس میں حکومت کے خلاف لانگ مارچ کرنے، دھرنا دینے اور استعفوں سے متعلق حتمی حکمت عملی طے کی جائے گی۔
گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان سے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں نے حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے سنجیدہ مشاورت کی۔ نواز شریف نے مولانا فضل الرحمن کی طرف سے پیش کردہ تجاویز سے اتفاق کیا ہے۔ نواز شریف نے لانگ مارچ، استعفوں اور دھرنے کی مکمل حمایت کی یقین دہانی بھی کرائی۔ انہوں نے کہا پی ڈی ایم جو بھی فیصلہ کرے نواز لیگ بغیر کسی ہچکچاہٹ کے اس کی حمایت کرے گی۔
ٹیلی فونک رابطہ کے بعد نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز مولانا فضل الرحمن کی رہائشگاہ پر آئیں، ان کے ہمراہ رانا ثناء اللہ، احسن اقبال اور دیگر رہنما بھی تھے۔ ملاقات میں میاں نواز شریف کے پیغام اور پی ڈی ایم کے ایجنڈے پر بات چیت کی گئی۔
قبل ازیں جے یو آئی کی مرکزی مجلس عاملہ کا مولانا فضل الرحمن کی زیر صدارت اجلاس ہوا، چھ گھنٹے طویل اجلاس میں سینیٹ انتخاب اور لانگ مارچ پر مشاورت ہوئی۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز گزشتہ روز اسلام آباد پہنچ گئی ہیں جبکہ دیگر جماعتوں کے قائدین بھی اسلام آباد میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے ملاقاتیں اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جبکہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری تاحال کراچی میں ہیں اور ان کی پی ڈی ایم کی سربراہی اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت متوقع ہے۔