توہین عدالت کی درخواست پر وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری خزانہ کو نوٹسز جاری

اسلام آباد:سپریم کورٹ کے جج جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے وزیر اعلی بلوچستان، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری خزانہ کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست کو سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کردئیے۔ یہ حکم عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بینچ نے اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈووکیٹ اورممتاز قانون دان ساجد ترین ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کے موقع پر دیا۔گزشتہ روز سماعت کے دوران وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان، درخواست گزار ساجد ترین ایڈووکیٹ، قائد حزب اختلاف ملک سکندر خان ایڈووکیٹ، ملک نصیر احمد شاہوانی، نصر اللہ زیرے و دیگر پیش ہوئے۔فریقین کے وکلاء کے دلائل کے بعد عدالت نے توہین عدالت کی درخواست کو سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کرنے کے احکامات دے دئیے۔واضح رہے کہ سینئر قانون دان ساجد ترین ایڈووکیٹ اور قائد حزب اختلاف ملک سکندر خان ایڈووکیٹ کی جانب سے بلوچستان کی رواں سال کی پی ایس ڈی پی 2020/21 میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلوں اور پلاننگ کمیشن کے گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان، چیف سیکرٹری فضیل اصغر اور سیکرٹری خزانہ کے خلاف سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی گزشتہ سماعت پر عدالت نے فریقین سے جواب طلب کیا تھا۔ بدھ کو سپریم کورٹ کے جج جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی اور درخواست کو سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے وزیر اعلی بلوچستان، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری خزانہ بلوچستان کو نوٹسز جاری کردئیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے