معاشرے کی تعمیر و ترقی خواتین کی شمو لیت کے بغیر ناممکن ہے:بشریٰ رند

کوئٹہ: پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات محترمہ بشریٰ رند نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت بلوچستان وزیر اعلیٰ جام کمال خان کی قیادت میں جہاں صوبے کے تمام طبقات کے حقوق کیلئے سرگرم عمل ہے وہاں خواتین کے حقوق کے حصول پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے خواتین ہمارے معاشرے کے ایک اہم حصہ ہیں اور معاشرے کی تعمیر و ترقی خواتین کی شمو لیت کے بغیر ناممکن ہے۔اس سلسلہ میں خواتین کو تمام حقوق دلانے کیلئے حکومت بلوچستان کے موثر اور ٹھوس اقدامات اُ ٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا نصف حصہ خواتین پر مشتمل ہے۔اس لیے سماجی و اقتصادی سطح پر خواتین کا کردار بھی اتنا اہم بن جاتا ہے جتنا کہ مردوں کا۔ مگر افسوس کی بات یہ ہے کہ ہمارے ہاں خواتین کو سماجی و اقتصادی میدان میں مخصوص کرداروں اور کاموں تک محدود کرلیا گیا ہے۔قائداعظم نے فرمایا تھا کہ دْنیا کا کوئی ملک اْس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا،جب تک قوم کے مردوں کے ساتھ خواتین بھی ملکی ترقی میں شانہ بشانہ حصہ نہ لیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، یہاں خواتین کے پاس اس طرح کے مواقع نہیں جس طرح ملک کے دیگر علاقوں میں ہیں۔ البتہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے میں خواتین کیلئے زیادہ سے زیادہ نوکریوں کے مو اقع اور سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔جس سے بلوچستان کی خواتین بھی بہترین طریقے سے معاشی ومعاشرتی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں گی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین تمام شعبوں میں آج بھی بہت پیچھے ہیں، اس کے باوجود، درپیش حالات کا مقابلہ کرتی ہیں۔ بلوچستان میں ماضی کی نسبت اب خواتین زیادہ تعداد میں زیور تعلیم سے آراستہ ہوکر اپنا لوہا منوارہی ہیں۔خواتین کے پاس ترقی کے وسیع ممکنہ مواقع ضرور ہیں جن سے مستفید ہو کر وہ نہ صرف اپنی بلکہ پورے صوبے اور پاکستان کی تقدیر بھی بدل سکتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے