بجلی کی قیمت بڑھا کر عوام کی جیبوں پر 200 ارب کا ڈاکا ڈالا گیا،مفتاح اسماعیل
اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) نے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 95 پیسے کا اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ لیگی رہنما مفتاح اسماعیل نے اپنے بیان میں کہا کہ عوام کی جیبوں پر 200 ارب کا ڈاکا ڈالا گیا، گردشی قرض بلند ترین سطح پر پہنچنے کی وجہ سے بجلی مہنگی ہوئی۔
سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بجلی کی قیمت میں اضافے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی گردشی قرض کے تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ جانے کی وجہ سے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک ہزار 36 ارب پر گردشی قرض چھوڑ کر گئے تھے جس میں بجلی کا خسارہ اور بینک کا قرض دونوں شامل تھے۔ ایک ہزار 36 ارب کا گردشی قرض 2400 ارب سے بھی تجاوز کر چکا ہے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان نے حکومت میں آتے ہی بجلی کی قیمت میں اضافہ کرتے ہوئے گردشی قرض صفر کر دینے کا دعویٰ کیا تھا۔ تاہم ہر ماہ 50 سے 60 ارب روپے گردشی قرض میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی بنانے سے گردشی قرض مزید تیزی سے بڑھا ہے۔ سالانہ تقریباً 600 ارب گردشی قرض بڑھ رہا ہے۔ گردشی قرض بڑھنے کی بڑی وجہ بجلی کی ترسیل اور تقسیم میں نقصانات ہیں۔