ایپکا میٹروپولیٹن کارپوریشن اور ایمپلائزایسوسی ایشن کے زیراہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ میں احتجاج جاری
کوئٹہ ایپکا میٹروپولیٹن کارپوریشن اور ایمپلائزایسوسی ایشن کے زیراہتمام اپنے مطالبات کے حق میں کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ دوسرے روز بھی ایپکا میٹروپولیٹن کے صدر حبیب الرحمن کاکڑ،صوبائی سیکرٹری جنرل علی نواز رئیسانی اور ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صدر حلیم کاسی،شاکر ترین کی قیادت میں جاری رہاجس میں ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پررکن بلوچستان اسمبلی نصراللہ زیرے،ایپکا بلوچستان کے صدر ارباب نصراللہ کاسی،رحیم کاکڑ،گلفراز جدون، محکمہ واسا کے صدر علاو الدین اچکزئی،ڈاکٹر نورمحمد،محکمہ بی اینڈ آر کے صدر علی اکبر بلوچ،جنرل سیکرٹری بابو جان لاشاری،سی اینڈ ڈبلیو ایمپلائز یونین کے صدر قاسم کاکڑ،فیڈریشن کے عابد بٹ،پی ٹی آئی لیبر ونگ کے چیئرمین سردارافضل تاجک اوردیگر نے کیمپ آکر اظہار یکجہتی کیا۔ میٹروپولیٹن کے صدر حبیب الرحمن کاکڑ اور ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صدر رحیم کاسی نے کہا کہ کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن میں سینئر حقدار ملازمین کی پروموشن،بلڈنگ و میڈیکل ایڈوانس کی فراہمی،دفتر میں من پسند ملازمین کو ڈبل و ٹرپل چارج کے خاتمے،کوارٹرز کی مرمت، پے سلپ کے اجراء،فوت شدہ و ریٹائرڈ ملازمین کے بچوں کو کنٹریکٹ پر بھرتی کرنے،کلاس فورملازمین کے منظورشدہ کوٹہ کے مطابق ترقی، ہاوس ریکوزیشن،طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے کئی بار ایڈمنسٹریٹر کو درخواست کی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی جس کے باعث ملازمین نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعلیٰ بلوچستان،صوبائی وزیربلدیات،چیف سیکرٹری،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اوردیگراعلیٰ حکام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ملازمین کو درپیش مسائل کے حل کیلئے احکامات جاری کریں بصورت دیگر ملازمین مزید سخت احتجاج پر مجبورہونگے۔