موجودہ حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ان کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، جام کمال خان
کوئٹہ :وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے چیئرمین ون مین کمیشن برائے اقلیتی امور ڈاکٹر شعیب سڈل نے یہاں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں جمعرات کے روز ملاقات کی۔ رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار، پارلیمانی سیکرٹری اقلیتی امور دھنیش کمار، سیکرٹری اقلیتی امور عبدالفتح بھنگر اور اسپیشل سیکرٹری اسفند یار بلوچ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات کے دوران اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، سماجی ومعاشی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ چیئرمین ون مین کمیشن نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے ا حکامات کی روشنی میں ون مین کمیشن جنوری2019میں تشکیل دیاگیاتھا جس کا کام اقلیتی برادری کیلئے حکومتی اقدامات کا جائزہ لینے اور اقلیتوں کے مسائل سے آگاہی حاصل کرکے رپورٹ مرتب کرنی ہے۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت صوبہ میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ان کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ حکومت نے اقلیتی امور کا علیحدہ محکمہ قائم کرکے اقلیتوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے ایک موثر پلیٹ فارم مہیاکیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اقلیتوں کا صوبہ کی تعمیر و ترقی میں ہمیشہ اہم کردار رہا ہے بلوچستان میں بین المذاہب ہم آہنگی کی صورتحال مثالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں اور فلاح و بہود کے منصوبوں کیلئے خطیر رقم مختص کی گئی ہے اور آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں بھی اقلیتی برادری کیلئے نئے ترقیاتی منصوبے شامل کئے جائیں گے۔ موجودہ حکومت اقلیتوں کی سماجی و معاشی ترقی کیلئے بلا تخصیص اقدامات اٹھا رہی ہے۔ سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کیلئے مختص5فیصد کوٹہ پر عملدرآمد کو یقینی بنایاگیا ہے۔ چیئرمین ون مین کمیشن ڈاکٹر شعیب سڈل نے اقلیتوں کے حقوق اور مفادات کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے اٹھائے گئے بلوچستان حکومت کے اقدامات کو سراہا۔ ملاقات میں متروکہ وقف املاک بورڈ کیلئے اقلیتی برادری سے چیئرمین کی تقرری کیلئے قرارداد لانے،قلات میں ہندو زائرین کیلئے ہاسٹل کے قیام اورکرتارپور کوری ڈور میں بلوچستان کے یاتریوں کو سہولیات کی فراہمی سے متعلق معاملات بھی زیر غور آئے۔