عمران خان کو خدا کی مدد اور عوام کی حمایت حاصل ہے،شیخ رشید
اسلام آباد: اسلام آبادمیں وزیر داخلہ شیخ رشید نے پرویز خٹک، فواد چوہدری، فروغ نسیم اور شبلی فراز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کو جس اسمبلی پر اعتراض ہے اس کے الیکشن میں حصہ لینے جارہی ہے تاہم ہمیں توقع ہے کہ اپوزیشن کوئی مسئلہ پیدا نہیں کرے گی، آج ہمارا مشترکہ فیصلہ ہے کہ اپوزیشن کے احتجاج میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کو خدا کی مدد اور عوام کی حمایت حاصل ہے، دنیا مشرق سے مغرب ہو جائے عمران خان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرسکتا، مولانا فضل الرحمان سے کہتا ہوں اسلام کی فکر کریں اسلام آباد ان کے نصیب میں نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی نے 40 ہزار بندوں کے دستخط پیش کیے جب کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے ابھی تک اپنی فارن فنڈنگ کیس میں ایک چیک بھی پیش نہیں کیا۔
پریس کانفرنس کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کوئی سرکاری ادارہ سلامت رہنے دے، آپ فوج اور سپریم کورٹ کے خلاف تقریریں کرتے ہیں، کوئی ادارہ ایسا نہیں جس سے آپ کو مسئلہ نہ ہو جب کہ موجودہ الیکشن کمیشن پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی مشاورت سے بنا ہے۔
وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا کہ احتجاج کرنا آپ کا بنیادی حق ہے، فیض آباد دھرنا کیس میں سپریم کورٹ کہہ چکا ہے کہ ہر جگہ احتجاج نہیں ہوسکتا، احتجاج قانون کی اجازت کے مطابق ہونا چاہیے، قانون کو ہاتھ میں نہ لیں، اچھے شہری ہونے کی حیثیت سے احتجاج کریں، قانون کے خلاف احتجاج ہوگا تو قانون حرکت میں آئے گا۔