وزیراعلیٰ بلوچستان نے سریاب روڈ کی تعمیر کے منصوبے پر سابق کمشنرکیخلاف انکوائری کا حکم دے دیا

کوئٹہ:وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے سریاب روڈ کوئٹہ کی تعمیر کے منصوبے پر عمل درآمد میں غیر ضروری تاخیر پر سابق کمشنر کوئٹہ کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ وزیراعلی نے کوئٹہ ترقیاتی پیکج اور شہر کی خوبصورتی سے متعلق منصوبے پر پیش رفت پر دی جانے والی بریفنگ کے دوران انکوائری کا حکم جاری کیا۔ انہوں نے اوستہ محمد روڈ کی تعمیر کو دس حصوں میں تقسیم کرنے پر بھی سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی انکوائری کا حکم دیا ہے۔ دونوں انکوائریاں وزیراعلی معائنہ ٹیم کرے گی۔ وزیراعلی نے کوئٹہ ترقیاتی پیکج میں شامل سڑکوں کے تعمیر کے منصوبوں پر عمل درآمد میں تاخیر پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر، حکومت کے فنڈز اور وقت کا ضیاع کسی صورت قابل قبول نہیں۔ صوبائی وزیر لائیو اسٹاک مٹھا خان کاکڑ، چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن ریٹائرڈ فضیل اصغر، چیئرمین وزیراعلی انسپکشن ٹیم حیدر علی شکوہ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات عبدالصبور کاکڑ، اسپیشل سیکرٹری ٹو وزیراعلی اسفندیار بلوچ، سیکرٹری خزانہ پسند خان بلیدی، سیکرٹری روڈز سلیم اعوان، سیکرٹری اطلاعات شاہ عرفان غرشین، کمشنر کوئٹہ ڈویژن اسفندیارکاکڑ، ڈی جی اینٹی کرپشن و دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ جبکہ منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کمشنر کوئٹہ نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ وزیراعلی نے کہا کہ کوئٹہ کے عوام کو خطیر تخمینہ کے کوئٹہ پیکج سے شہر کی بہتری کے حوالے سے توقعات وابستہ ہیں۔ اور یہ منصوبہ شہر کی خوبصورتی اور شہری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے۔ وزیراعلی نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کویٹہ ترقیاتی پیکیج کے منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو، منصوبہ بندی و ترقیات اور پروجیکٹ ڈائریکٹر موثر میکنزم تیار کرکے مائیکرو لیول مینجمنٹ کے لیے اقدامات اٹھائیں۔ وزیراعلی نے خاص طور سے اے سی ایس منصوبہ بندی و ترقیات کو ہدایت کی کہ کویٹہ پیکج کا جائزہ لینے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرکے پروجیکٹ کے لئے انڈیپنڈنٹ پروجیکٹ ڈائریکٹرز کی تقرری کے لئے میکنزم وضع کرنے کے لیے آیندہ اجلاس میں سفارشات پیش کی جائیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ کوئٹہ شہر کے لئے ایسے منصوبے بار بار نہیں آئیں گے یہ وہ منصوبے ہیں جو کوئٹہ شہر کی ترقی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہونگے۔ ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل ہوں گے تو ترقی ہو گی اور عوام خوشحال ہو گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے