بین الافغان مذاکرات میں طے پانے والوں فیصلوں کا خیر مقدم کریں گے،شاہ محمود قریشی
سلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم بین الافغان مذاکرات میں طے کردہ فیصلوں کا خیر مقدم کریں گے۔ خطے میں امن واستحکام افغانستان میں دیرپا قیام امن سے منسلک ہے۔
سرکاری میڈٰیا کے مطابق یہ باتیں انہوں نے افغان حزب وحدت اسلامی کے رہنما محمد کریم خلیلی سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں، جنہوں نے وفد کے ہمراہ منگل کو وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
شاہ محمود قریشی نے کریم خلیلی اور وفد کو وزارت خارجہ آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین گہرے تاریخی اور یکساں ثقافتی و تہذیبی اقدار پر استوار برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان کا شروع سے یہی موقف رہا ہے کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ افغان قیادت کو قابل قبول جامع سیاسی مذاکرات ہی اس مسئلے کا واحد حل ہے۔ پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنی مصالحانہ کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ بین الافغان مذاکرات میں اب تک ہونیوالی پیشرفت خوش آئند ہے۔ ہم دوحہ میں شروع ہونیوالے بین الافغان مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے آغاز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ ہم بین الافغان مذاکرات میں طے کردہ فیصلوں کا خیر مقدم کریں گے۔ بین الافغان مذاکرات کی صورت میں افغان قیادت کے پاس قیام امن کا ایک نادر موقع موجود ہے جس سے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہیے۔ بدقسمتی سے بھارت افغانستان میں صورتحال کو خراب کر رہا ہے اور ہم نے اس حوالے سے ناقابل تردید ثبوت دنیا کے سامنے رکھے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے افغانستان کے لوگوں کی سہولت کیلئے نئی ویزہ پالیسی متعارف کروائی ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان اور افغانستان کے مابین دو طرفہ تجارت کے فروغ کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ ہم پاکستان میں مقیم افغان پناہ گزینوں کی جلد، باعزت اور پروقار وطن واپسی کے متمنی ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔ کوئی بھی ملک پاکستان سے زیادہ افغانستان میں قیام امن کا متمنی نہیں ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ خطے میں امن واستحکام افغانستان میں دیرپا قیام امن سے منسلک ہے۔
افغان حزب وحدت اسلامی افغانستان کے سربراہ محمد کریم خلیلی نے پرتپاک خیر مقدم پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، افغان امن عمل میں پاکستان کے مصالحانہ کردار کو سراہا۔انہوں نے گذشتہ کئی دہائیوں سے افعان مہاجرین کی میزبانی پر بھی پاکستان کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔