سانحہ مچھ کے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لائینگے: وزیراعظم، آرمی چیف
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی اہم ملاقات ہوئی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے بھی شرکت کی۔ ملاقات میں قومی سلامتی سے متعلق صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان ملاقات میں بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کا بھی جائزہ لیا گیا اور ملاقات میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر مسلسل بھارتی خلاف ورزیوں کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔
اس اہم ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان میں 11 افراد کے قتل کی پر زور مذمت کی۔ ملاقات کے دوران عزم کا اظہار کیا گیا کہ واقعہ میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران وزیر اعظم اور آرمی چیف کی یہ دوسری ملاقات ہے، جو سانحہ مچھ کے تقریباً دس روز بعد سامنے آئی ہے۔
3 جنوری کو بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ میں کوئلے کی کان میں کام کرنے والے 10 کان کنوں کو قتل کردیا تھا، جو کوئٹہ کے ہزارہ ٹاؤن کے رہائشی تھے۔
واقعے کے بعد ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر اپنے پیاروں کی میتیں رکھ کر احتجاج شروع کردیا تھا۔
انتہائی سرد موسم میں منفی درجہ حرارت کے دوران خواتین، بچوں سمیت ہزاروں افراد اس احتجاج میں شریک تھے، جو مسلسل چھ روز جاری رہا۔
مظاہرین کا مختلف مطالبات کے ساتھ ساتھ ایک مطالبہ یہ بھی ہے کہ وزیراعظم کے آنے تک وہ اپنے پیاروں کی تدفین نہیں کریں گے۔
تاہم بعد ازاں حکومت اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے تھے جس کے بعد میتوں کی تدفین کردی گئی اور اگلے روز وزیر اعظم نے کوئٹہ پہنچ کر لواحقین سے ملاقات کی۔