ہزارہ برادری بلوچستان حکومت کا خاتمہ چاہتی ہے: شیخ رشید
اسلام آباد: وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ہزارہ برادری کے تمام مطالبات قبول کر لیے گئے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ مسئلہ جلد طے ہو جائے گا۔انہوں نے کہا جیسے ہی معاملہ طے ہوا وزیراعظم روانہ ہوجائیں گے۔ وزیراعظم کے دو وزرا وہاں مذاکرات کیلئے موجود ہیں اور امید ہے کہ کوئی اچھا نتیجہ نکلے گا۔
شیخ رشید نے کہا عمران خان کی خواہش ہے کہ وہ وہاں جائیں اور تدفین ہوچکی تاکہ پرسکون طریقے سے بات چیت ہو سکے۔ اگر آج تدفین ہوجائے تو وہ آج ہی کوئٹہ جا سکتے ہیں۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ہزارہ برادری بلوچستان حکومت کا خاتمہ چاہتی ہے جس کو ماننا میرے بس کی بات نہیں۔ جے آئی ٹی بن گئی ہے، ڈی سی اور ڈی پی او سمیت ساری انتظامیہ کو معطل کردیا گیا ہے۔
وزیراعظم کے تاحال نہ جانے کی بہت ساری وجوہات ہیں جن کو منظرعام پر نہیں لایا جاسکتا۔ عمران خان کسی بھی وقت جاسکتے ہیں لیکن ہماری جستجو ہے کہ طریقے اور سلیقے سے جائیں کسی قسم کی بد مزگی نہ ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ میتیں سب کی سانجھی ہیں، ہم اہل تشیع علما سے معاونت مانگی ہے اور امید ہے کہ کوئی مثبت پیش رفت سامنے آئے گی۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشتگردی کی نئی لہر۔ مذہبی شخصیات سمیت20افراد کو خطرہ ہے جن کو مطلع کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں شیعہ سنی فسادات کی کوشش کی جا رہی ہے اور ملک کے مختلف شہروں سے چار گروہ پکڑے گئے ہیں جو مذہبی شخصیات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہزارہ کمیونٹی کو بیرون ملک قوتیں نشانہ بنا رہی ہیں۔ فرقہ واریت فسادات میں غیرملکی ہاتھ ملوث ہیں۔بھارتی ایجنٹ اور پے رول پر کام کرنے والوں کی طرف سے تھریٹ ہیں۔ اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ، پشاور میں ہائی الرٹ ہے۔