حکومت کے بیانیے کو اجاگر کرنے کیلئے موثر حکمت عملی تیار کی جائے:جام کمال

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ حکومت امن وامان برقرار رکھنے عوام کو سیکورٹی فراہم کرنے اور ہزارہ برادری کے تحفظات دور کرنے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے اور انشاء اللہ جلد ہی موجودہ صورتحال پر قابو پالے گی. ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی جانب سے صوبے میں امن وامان کی صورتحال سے متعلق دی گئی بریفنگ کے دوران کیا. قبل ازیں اے سی ایس داخلہ نے وزیراعلیٰ کو مچھ واقعہ کے مختلف پہلوؤں اور جاری دھرنے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پولیس اورلیویز فورس کے جوانوں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے مؤثر اقدامات کئے گئے ہیں. اجلاس میں صوبائی وزیرداخلہ میر ضیاء اللہ لانگو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حافظ عبدالباسط، کمشنر کوئٹہ ڈویژن اسفند یار کاکڑ، ڈائریکٹر جنرل لیویز فورس مجیب الرحمن قمبرانی، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اورنگزیب بادینی ودیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی. وزیراعلیٰ نے محکمہ داخلہ کے حکام خاص طور سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ پر زور دیا کہ تمام منفی پراپیگنڈے کو زائل کرنے اور موجودہ صو رتحال سے متعلق حکومت کے بیانیے کو اجاگر کرنے کیلئے موثر حکمت عملی تیار کی جائے. ذرائع ابلاغ سے مسلسل اور بامعنی رابطے کئے جائیں اور معاملے سے جڑے حقائق اور حکومتی کارکردگی کے بارے میں تمام معلومات بروقت مہیا کی جائیں تاکہ عوام کو گمراہ کرنے کی ملک دشمن سازشوں کو ناکام بنایا جاسکے.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے