گلوبل پارٹنر شپ پراجیکٹ کے اساتذہ کے مطالبات جائز ہے،سردار یار محمد رند

کوئٹہ:پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ بلوچستان کے بچے بچے کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا میرا مشن ہے اور اس مشن کو اساتذہ کے بغیر پورا کرنا ممکن نہیں، گلوبل پارٹنر شپ پراجیکٹ کے اساتذہ کے مطالبات جائز ہیں اور ہم ان کے ساتھ ہیں،انکو مستقل کرنے کیلئے تمام ترصلاحیتیں بروئے کار لارہے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے گلوبل پارٹنر شپ پراجیکٹ کے اساتذہ کے دھرنے میں اظہار یکجہتی کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر بلوچستان اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر سردار بابر خان موسی خیل اور تحریک انصاف کے رہنماء بابر یوسفزئی سمیت دیگر بھی موجودتھے۔ سردار یار محمد رند نے گلوبل پارٹنر شپ پراجیک کے اساتذہ کو بھر پور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ چند دنوں سے کوئٹہ سے باہر تھے اور ناسازی طبیعت کی وجہ سے وہ پہلے نہ آسکے تاہم اساتذہ کو مستقل کرنے کیلئے ان کی وزارت سمری تیار کرچکی ہے اور پورا محکمہ اساتذہ کو مستقل کرنے کے حق میں ہے ہمیں اسکولوں میں اساتذہ کی کمی کا مسئلہ درپیش ہے تو دوسری جانب گلوبل پارٹنر شپ کے یہ اساتذہ نہ صرف تجربہ کار بلکہ تربیت یافتہ بھی ہیں ان کی مستقل بنیادوں پر تعیناتی سے بچوں کی تعلیم میں آسانی ہوگی انہوں نے اساتذہ کے مطالبات اور ان کے احتجاج کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے مطالبات پر عملدرآمد کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں تاہم سرکاری و حکومتی امور کی انجام دہی کے مختلف مراحل ہوتے ہیں جنہیں پورا کرنا ضروری ہوتا ہے اساتذہ کو مستقل کرنے کیلئے آج ہی سمری تیار کرکے وزیراعلی کے پاس جائیں گے ہم بلوچستان کو ایک بہتر مستقبل اس وقت دے سکتے ہیں جب ہمارے تمام بچے تعلیم یافتہ ہوں اور میں یہ مشن لیکر صوبائی وزیر تعلیم بنا ہوں کہ ہم نے صوبے میں تعلیم کو فروغ دینا ہے اور میرے اس وژن کو اساتذہ نے ہی پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے میں یقین دلاتا ہوں کہ اساتذہ کے مسائل کے حل میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دیں گے۔ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر سردار بابر موسی خیل نے کہا کہ سرکاری امور کا ایک الگ طریقہ کار ہوتا ہے ہم نے پہلے بھی اساتذہ کے مطالبات کے ضمن میں کام کیا ہے آئندہ چند روز میں صوبائی کابینہ کا اجلاس متوقع ہے جس میں اساتذہ کو مستقل کرنے اور ان کے دیگر مطالبات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے ہر ممکن کوشش کریں گے احتجاج کرنا سب کا جمہوری حق ہے تاہم اساتذہ کو یقین دلاتے ہیں کہ انہیں تنہاء نہیں چھوڑیں اور ان کے مسائل کے حل کو یقینی بنائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے