وزیراعظم اپنی اناکی وجہ سے مذاکرات کیلئے نہیں آرہے،حاجی علی مدد جتک

کوئٹہ:پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کی جان ومال کے تحفظ میں یکسر ناکام ہوچکی ہیں عوام طفل تسلیاں نہیں بلکہ عملی اقدامات چاہتی ہے وزیراعظم اپنی انا کی وجہ سے کوئٹہ آنے سے گریزاں ہیں انہیں مچ کے شہداء سے کوئی ہمدردی نہیں ہے،سانحہ مچ کے لواحقین تنہا نہیں پیپلز پارٹی انکے ساتھ کھڑی ہے، 10جنوری نصیر آباد میں پی ڈی ایم کے جلسے کی میربانی پیپلز پارٹی کریگی کارکن جلسے کو بھرپور انداز میں کامیاب بنائیں، یہ بات پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک، جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ، سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی و دیگر نے بدھ کو حاجی علی مدد جتک کی زیر صدارت ہونے والے پیپلز پارٹی کی صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں سانحہ مچ کے بعد پیدا ہونے والی تازہ ترین صورتحال، 10جنوری کو نصیر آباد میں پی ڈی ایم کے جلسے کے حوالے سے مشاورت اور حکمت عملی مرتب کی گئی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ سانحہ مچ پر حکومت کے علاوہ ہر آنکھ اشک بار ہے چار دن سے شہداء کے لواحقین میتوں کے ہمراہ شدید سردی میں احتجاج پر بیٹھے ہیں لیکن حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگھ رہی وزیراعظم اپنی اناکی وجہ سے مذاکرات کے لئے نہیں آرہے انہیں معلوم ہے ان سے سانحہ مچ کے حوالے سے سوالات کئے جائیں گے جنکے جواب وہ نہیں دے پائیں گے چار دن گزرنے کے باوجود کسی قسم کی پیش رفت اور ملزمان کی گرفتاری نہ ہونا سوالیہ نشان ہے انہوں نے کہا کہ سانحہ مچ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے پیپلز پارٹی لواحقین کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے اور یقین دلاتی ہے کہ لواحقین کے ساتھ آخری دم تک کھڑی رہے گی انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومتیں اپنے آپ کو عوام کے سامنے جوابدہ نہیں سجھتیں پارٹی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے رویے کی مذمت کرتی اور مطالبہ کرتی ہے کہ سانحہ مچ کے لواحقین کے مطالبات کومن و عن تسلیم کرتے ہوئے حکومت اخلاقی طور پر مستعفی ہوجائے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ملک میں عوام حقوق اور حقیقی جمہوریت کی جدوجہد کی جنگ لڑ رہی ہے پی ڈی ایم کے احتجاج کے دوسرے مرحلے میں 10جنوری کو نصیر آباد میں احتجاجی جلسہ ہوگا جسکی میزبانی پیپلز پارٹی کریگی اور جلسے کو بھر پور انداز میں کامیاب بنائے گی انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم تحریک کی ناکامی کے دعویداروں کو 10جنوری کو ایک بار پھر منہ کی کھانی پڑیگی پی ڈی ایم تحریک حکومت کو اسکے انجام تک پہنچا کر سانس لیگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے