آصف علی زرداری کے کزن حسن علی آفندی کے قتل کی تحقیقات کررہے ہیں، پولیس
کراچی:پولیس نے کہا ہے کہ سندھ مدرستہ الاسلام کے بانی حسن علی آفندی کے پوتے اور سابق صدرآصف علی زرداری کے کزن زین حسن آفندی کے قتل کی تحقیقات کررہے ہیں۔
جمشید کواٹرز پولیس نے کہا کہ 50 سالہ زین حسن آفندی کو گرومند کے قریب کوسموپولیٹن سوسائٹی میں ان کے گھر میں دوران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔
ایسٹ ایس ایس پی ساجد عامر سدوزئی نے بتایا کہ بدھ کی صبح 5 مسلح افراد دیوار پھلانگ کر بنگلے میں داخل ہوئے اور زین حسن آفندی کے کمرے کے دروازے کا تالا توڑ دیا۔
پولیس نے بتایا کہ مسلح ملزمان نے گھر کے تمام افراد کے موبائل فونز، قیمتی سامان اور طلائی زیور چھین لیا۔انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے زین حسن آفندی پر اس وقت فائرنگ کی جب انہوں نے اپنی اہلیہ سے زیورات چھیننے پر مزاحمت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ زین حسن آفندی کو زخمی حالت میں ڈاکٹر روتھ پاؤ سول ہسپتال کراچی منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
ہسپتال کے عہدیدار نے بتایا کہ ان کے منہ میں ایک گولی لگی جو جسم میں پھنس گئی تھی۔انہوں نے بتایا کہ گولی کو تفتیش کاروں کے سپرد کردیا گیا۔ایسٹ ایس ایس پی نے کہا کہ پولیس نے وقوعہ سے گولیوں کے چھ خول جمع کیے ہیں۔
سینئر افسر نے انکشاف کیا کہ ملزمان نے زین حسن آفندی کی اہلیہ کا ایک والٹ، 2موبائل فون اور طلائی زیوار چھین لیا۔انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے گھر کی تلاشی نہیں لی۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے اور پولیس تفتیش کررہی ہے کہ یہ ڈکیتی ہے یا کوئی مقصد تھا۔دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے رہائش گاہ کا دورہ کیا اور اہلخانہ کے افراد سے ملاقات کی۔واضح رہے کہ رہائش گاہ اعلی سیکیورٹی زون میں واقع ہے۔واقعے کے بعد رہائش گاہ کے قریب پولیس کے دو موبائل تعینات کردی ہیں۔