پی ڈی ایم جماعتیں صوبے کو درپیش دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے متحد ہو جائیں،ناصرعلی ہزارہ

کوئٹہ : سابق رکن قومی اسمبلی و بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماء سید ناصر علی ہزارہ نے سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں سردار اختر جان مینگل، محمود خان اچکزئی، مولانا فضل الرحمن سمیت پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے رہنماؤں سے اپیل کی ہے کہ وہ صوبے کو درپیش دہشت گردی کے مشترکہ مسئلے سے نمٹنے کے لئے متحد ہو جائیں کیونکہ دہشت گردی صرف ہزارہ برادری کا مسئلہ نہیں ملک اور خاص کر بلوچستان میں بسنے والے تمام اقوام کا مشترکہ مسئلہ ہے، مچھ میں انسانیت سوز سانحہ سے ہر دل خون کا آنسو رورہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر غلام نبی مری اور ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے عمائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مچھ میں 10کان کنوں کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصومہ یعقوب علی نامی لڑکی کے افسوسنا ک واقعات میں 5بھائی مارے جاچکے ہیں اور اب انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنے بھائیوں اور رشتہ داروں کی جنازے خود اٹھائیں گی کیونکہ ان کے گھر میں کوئی مرد زندہ نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 20سالوں کے دوران ایسے کئی خاندان اجڑ گئے ہیں جن کے مرد دھماکوں یا پھر ٹارگٹ کلنگ میں مارے گئے اس دوران 2سو سے زائد واقعات میں ڈھائی ہزار لوگ قتل ہوئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ انہوں نے کہاکہ ہزارہ برادری کے علاوہ یہاں آباد پشتون اور بلوچ سمیت دیگر اقوام بھی دہشت گردی کا نشانہ بنتے رہے ہیں۔ ناصر علی ہزارہ نے کہاکہ 2010میں ایک پریس کانفرنس کے دوران میں نے کہا تھا کہ دہشت گردی کی اس آگ پر اگر قابو نہ پایا گیا تو اس کی لپیٹ میں سب آئیں گے، 2016میں یہاں کے وکلاء پر حملہ ہوا اور درجنوں وکلا ء جا ن سے گئے ہم 20سال سے دھرنے اور احتجاج کررہے ہیں یہ سب کچھ غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے روس کی افغانستان میں دخل اندازی کے وقت کی پالیسی آج سب کے لئے درد سر بن چکی ہے روس کو شکست دینے والوں کو یہ دیکھ لینا چاہیے کہ آج جو بھی واقعات ہورہے ہیں یہ سب انہی پالیسیوں کا نتیجہ ہے بدقسمتی سے آج تک کوئی بھی قاتل گرفتار نہیں ہوسکا ہے، ہزارہ برادری پر حملوں سے متعلق 3 چیف جسٹس پاکستان نے از خود نوٹسز لئے مگر یہاں کے لوگوں کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملا۔ انہوں نے بلوچستان کی سیاسی و مذہبی اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے رہنماؤں سے اپیل کی ہے کہ وہ تمام اقوام کو درپیش دہشت گردی کے مشترکہ مسئلہ کے خلاف متحد ہوجائیں کیونکہ اس کے علاوہ کوئی اور حل انہیں نظر نہیں آرہا۔ انہوں نے بی این پی کے سر براہ اختر جا ن مینگل، پشتونخوا ملی عوامی پا رٹی کے سینیٹر عثمان خان کا کڑ،جہا نزیب جما لدینی و دیگر کا اسمبلی فلور پر صدائے حق بلند کر نے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہمیں امید ہے کہ وہ مستقبل میں بھی عوام کی نما ئندگی کا حق ادا کر تے رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے