امن وامان کیلئے پیسے وصول کئے جارہے ہیں تو حالیہ واقعہ کیوں پیش آیا؟شکیلہ نوید دہوار
کوئٹہ :بلوچستان نیشنل پارٹی کی رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے مچھ میں ہونے والے دہشت گرانہ واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کرے، اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے صوبے کے خزانہ پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالنے والی حکومت اور سیکورٹی ادارے قیام امن میں ناکام ہوچکے ہیں، ہزارہ برادری سمیت صوبے میں کسی کی بھی جان ومال کو تحفظ حاصل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی میں ڈھائی سالوں کے دوران جب بھی اپوزیشن اراکین نے امن وامان پر بحث کیلئے قرار داد جمع یا توجہ دلا نوٹس پیش کیا حکومت اور وزرانے راہ فرار اختیار کی حکومت راہ فرار اختیار کرنے کی بجائے ایوان کے بحث سے نتیجہ اخز کرکے موثر سیکورٹی انتظامات کو یقینی بناتی تو حالیہ واقعہ پیش نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت 25 روپے فی ٹن کوئلہ پر ٹیکس وصول کرتی ہے جبکہ سیکورٹی ادارے پانچ سو روپے الگ سے وصول کرتے ہوئے جواز اختیار کرتے ہیں مذکورہ رقم امن وامان برقرار رکھنے کیلئے وصول کی جارہی ہے اگر امن وامان کیلئے پیسے وصول کئے جارہے ہیں تو حالیہ واقعہ کیوں پیش آیا؟انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کرتے ہوئے واقعہ کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی عمل میں لاکر کیفرکردار تک پہنچائے اور جن کی غفلت اور کوتاہی سے حالیہ واقعہ پیش آیا ہے انہیں بھی شامل تفتیش کیا جائے انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی متاثرہ غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔