ہماری تمام تر ہمدردیاں ہزارہ کمیونٹی کیساتھ ہیں، شر پسند عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا،بشری رند

اسلام آباد پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات بلوچستان بشری رند نے مچھ میں دہشتگردانہ واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردی میں بھارت کا ہاتھ ہے، ہماری تمام تر ہمدردیاں ہزارہ کمیونٹی کیساتھ ہیں،وزیر اعلیٰ جام کمال کی ہدایت پر اس واقع کی تحقیقات جاری ہیں شر پسند عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا،حکومت وزیر اعلیٰ جام کمال کی قیادت میں صوبے میں تعمیر و ترقی، سیاحت کے فروغ سمیت انقلابی اقدامات کر رہی ہے، پی ڈی ایم ملک میں افراتفری چاہتی ہے، قوم نے پی ڈی ایم کے بیانئے کو مسترد کر دیا۔ پیر کو پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات بلوچستان بشریٰ رند نے اسلام آباد پریس کلب میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب میں گزشتہ روز مچھ بولان میں ہونے والی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوے کہا کہ ملک دشمن عناصر بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں اس طرح کی تمام کاروائیوں میں بھارت ملوث ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری تمام تر ہمدردیاں ہزارہ کمیونٹی کیساتھ ہیں،وزیر اعلیٰ جام کمال کی ہدایت پر اس واقع کی تحقیقات جاری ہیں شر پسند عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہ اکہ بھارت اور دیگر پاکستان دشمن عناصر اس طرح کی کاروائیوں سے سی پیک کو سبوتاڑکرنا چاہتے ہیں۔ پی ڈی ایم پر بات کرتے ہوے انہوں نے کہاکہ ملک میں پی ڈی ایم افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں،دوسال کی حکومت پر تنقید سمجھ سے بالاتر ہے، انہوں نے کہاکہ ن لیگ اور دیگر جماعتوں نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کیا۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کی قوم پرست جماعتوں کا کردار بھی انتہائی مایوس کن رہا۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں ماضی میں صرف جنرل پرویز مشرف کے وقت پر ترقیاتی کام ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم عوام میں کورونا وائرس کے پھیلا? کا باعث بن رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت نے آ کر بلوچستان میں ترقی کے نئے دور کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی بلوچستان جام کمال کی قیادت میں بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت نے بلوچستان میں سیاحت کی فروغ کے لئے اقدامات شروع کئے ہیں انہوں نے بتایاکہ ہم نے زراعت، صحت، تعلیم اور دیگر شعبہ جات میں تاریخی اقدامات کئے ہیں، بلوچستان میں ڈیٹ پروسسنگ پلانٹ لگایا ہے تا کہ بلوچستان کی کھجور کو پروسیس کر کے ایکسپورٹ کیا جا سکے۔انہوں نے کہاکہ پہلی بارصوبے میں نادار مریضوں کے لئے بلوچستان میں ہیلتھ انرولمنٹ فنڈ کا قیام عمل میں لایاہے جسکے تحت غریب مریضوں کو کینسر جیسے موذی امراض کا علاج بھی حکومتی اخراجات پر کروایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں زراعت کو فروغ دینے کے لئے بلوچستان میں 22 ڈیمز بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کچھی کینال پر دوبارہ کام شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کوسٹل بیلٹ کی ڈویلپمنٹ پر موجودہ حکومت کی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعا ت نے کہاکہ کوسٹل بیلٹ کی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کوسٹل بیلٹ میں ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنا رہے ہیں، بلوچستان قدرتی حسن سے مالا مال ہے،ہم نے کوشش کی کہ بلوچستان کی لوکل گورنمنٹ کو فنڈز دئیں تا کہ لوکل گورنمنٹ مضبوط ہو،لوکل گورنمنٹ کو مضبوط کر رہے ہیں۔ کریمہ بلوچ کے معاملے پر بات کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ کریمہ بلوچ کے معاملے پر ریاست پاکستان پر بے جا الزامات دئیے گئے،کنیڈین پولیس نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ کریمہ بلوچ کی موت قدرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک عورت کی موت پر سیاست قابل افسوس ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان عوامی پارٹی نے سب سے زیادہ فنڈز اپوزیشن جماعتوں کو دیا۔انہوں نے کہاکہ کوئٹہ شہر کی حالت بہتر کرنے پر ہمارا فوکس ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے