لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان عوامی سہولت کے مطابق کریں گے، مریم نواز
لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ لانگ مارچ ضرور ہو گا تاہم اس کی تاریخ کا انتخاب عوام کی سہولت کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔
مسلم لیگ ن کے نائب صدر مریم نواز نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بہاولپور کے عوام نے میرا دل جیت لیا ہے۔ ریلیاں بہاولپور کا کلچر نہیں رہا لیکن اس کے باوجود عوام نے خوش کر دیا۔انہوں نے کہا کہ بہاولپور کی عوام نے بڑی تعداد میں ریلی میں شریک ہو کر اپنا ہی ریکارڈ توڑ ڈالا۔
مریم نواز نے کہا کہ لانگ مارچ ضرور ہو گا لیکن اس لانگ مارچ کی تاریخ کا انتخاب عوام کی سہولت کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔
اس سے قبل رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ 31 جنوری تک عمران خان مستعفی ہوں اس کے بعد ہی گرینڈ ڈائیلاگ ہوں گے۔ وزیر اعظم عمران خان کو نہیں معلوم ایشین ٹائیگر کیا ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع وزیر اعظم اور ان کے درمیان کا معاملہ ہے۔ شیخ رشید کو ملکی سیکیورٹی پر توجہ دینی چاہیے لیکن وہ کہہ رہے ہیں دہشت گردی ہونے والی ہے قوم تیار رہے۔ شیخ رشید کس مرض کی دوا ہیں حکومت کا کام ہے دہشت گردی روکے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا ہماری معیشت کو تباہ کر دیا گیا ہے اور اب نااہل حکومت کو گھر بھیجنا 22 کروڑ عوام کی ضرورت ہے۔ بجلی کی قیمت میں اضافے سے لوگوں کی چیخیں نکل جائیں گی۔