بدترین مہنگائی اور بیروزگاری نے غریب کو نان شبینہ کا محتاج بنادیا ہے، محمود خان اچکزئی
کوئٹہ /کراچی پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سربراہ اور پی ڈی ایم کے نائب صدر محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ملکی آئین پر اس کے روح کے مطابق عملدرآمد، عوام کی ووٹ سے منتخب پارلیمنٹ کی سپرمیسی،عوام کے ووٹ کا احترام،جمہور یت کی حکمرانی،ملک کے تمام ادارے پارلیمنٹ کے تابع اور جوابدہ، ملک کو سیاسی، معاشی، آئینی اور معاشرتی بحرانوں سے نکالنے،عالمی تنہائی کے خاتمے، ملکی تاریخ کی بدترین مہنگائی،بیروزگاری اور نااہل ناکام سلیکٹڈ حکومت سے نجات پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا پروگرام ہے،پشتونخوامیپ کے کارکن لانگ مارچ کی بھرپور تیاری کریں۔
انہوں نے کراچی میں سندھ پارٹی کے صوبائی ایگزیکٹو اور صوبائی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2018کے الیکشن کے نتیجے میں سلیکٹڈ حکومت نے ملک کو معاشی طور پر دیوالیہ، اندرونی طور پر انتشار اور خارجی طور پر تنہا کرنے اور ہر محاذ پر ناکامی سے دوچار کیا ہے۔ ملک کے تمام ادارے مفلوج ہیں اور سویلین اتھارٹی بے دست وپا ہے بدترین مہنگائی اور بیروزگاری نے غریب کو نان شبینہ کا محتاج بنادیا ہے، ملک کی سیاسی آئینی معاشی اور معاشرتی بحران ہر دن کے گزرنے سے گہرے ہوتے جارہے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ عوام کے ووٹ کا احترام اور جمہور کی حکمرانی کے خلاف جاری سازشیں بڑھتی جارہی ہے اور صوبوں میں بے جا مداخلت ان کے وسائل کی قبضہ گیری اور صوبائی خودمختاری کی پاء مالی جاری ہے۔ عدالتوں پر قدغن اور میڈیا پر سخت سنسر شپ عائد ہے،جب بھی کوئی ادارہ آئینی حدود سے تجاوز کرجاتا ہے تو ہر پارٹی، فرد اور جمہوری قوتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس ادارے اور افراد کے خلاف اپنی ملکی، آئینی سیاسی جمہوری ذمہ داری کا فریضہ بلاخوف وخطر ادا کریں، پشتونخوامیپ نے شروع دن سے یہ ذمہ داری اور فریضہ ادا کیا ہے اور آئندہ بھی یہ فریضہ ادا کرتی رہیگی۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ملک میں حقیقی جمہوریت، صاف اور شفاف انتخابات کے نتیجے میں عوام کے ووٹ سے منتخب پارلیمنٹ کی خودمختاری وبالادستی، ملک کے آئین کے تحت تمام اداروں کو حاصل اختیارات، ملک اور عوام کی بہتر خدمات میں استعمال کی ضمانت کیلئے میدان میں عمل میں ہیں۔بوکھلاہٹ میں مبتلا سلیکٹڈ حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں،انسانی حقدار اور انسانی معیار کے تحت وزیر اعظم کو استعفیٰ کے علاوہ کوئی چارہ کار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک کے 22کروڑ عوام کی سیاسی، جمہوری اور معاشی بہتری کیلئے نکلے ہیں اور عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ملک کے اعلیٰ مفاد اور وطن دوستی، جمہوریت پسندی کیلئے پی ڈی ایم کے احتجاجی پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور سلیکٹڈ سے نجات کیلئے لانگ مارچ کی تیاری اور شرکت کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کے مہنگائی، بیروزگاری کے ستم زدہ عوام سے احتجاجی پروگراموں میں شرکت کی اپیل کی ہے اور پارٹی کے کارکنوں اور بہی خواہوں سے لانگ مارچ میں شرکت کی ہدایت کی ہے۔