امریکی کانگریس نے ملالہ یوسف زئی اسکالر شپ بل منظور کرلیا
امریکی کانگریس نے پاکستان کی نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کے نام پر ’ملالہ یوسف زئی اسکالر شپ بل‘ منظور کر لیا۔
امریکی ایوان نمائندگان نے یہ بل گزشتہ سال مارچ میں ہی منظور کرلیا تھا تاہم جمعے کو اسے سینیٹ سے بھی منظوری مل گئی ہے۔
اب ملالہ یوسف زئی اسکالر شپ بل کو حتمی منظوری کیلئے صدر ٹرمپ کے پاس بھیجا گیا ہے جن کے دستخط کے بعد یہ قانون بن جائے گا۔
اس بل کے تحت پاکستانی خواتین کو تعلیمی وظائف دیے جائیں گے۔دوسری جانب ملالہ یوسف زئی کے والد ضیاء الدین یوسف زئی نے قانون کی منظوری پر امریکی کانگریس کا شکریہ ادا کیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کی نوبیل انعام یافتہ ملالہ اب تک نوبیل امن انعام، سخاروف اور ورلڈ چلڈرن پرائز سمیت 40 سے زیادہ بین الاقوامی اعزازات حاصل کر چکی ہیں۔
ملالہ اب پاکستان کے علاوہ افریقا، شام اور دیگر خطوں کے تعلیم سے محروم بچوں کی بھی آواز بن گئی ہیں۔ملالہ یوسفزئی خود پر ہونے والے حملے کے بعد سے برطانیہ میں مقیم ہیں اور یہ برطانیہ سے ہی اپنی تعلیم حاصل کررہی ہیں۔