محکمہ داخلہ بلوچستان کی ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کی درخواست
کوئٹہ: محکمہ داخلہ بلوچستان نے پشین میں صوبائی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کی درخواست کی ہے۔ محکمہ داخلہ بلوچستان کی پشین میں صوبائی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کی درخواست کردی ہے، صوبائی محکمہ داخلہ نے انتخاب ملتوی کرنے کے لئے الیکشن کمیشن کو خط بھی لکھا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ سرد موسم اور امن وامان کی صورتحال ضمنی انتخاب کے لئے موزوں نہیں، جنوری اور فروری میں سرد موسم کے باعث انتخابی امور کی انجام دہی مشکل ہے، لہذاٰ الیکشن کمیشن صوبے میں شیڈول ضمنی انتخابات کو ملتوی کرے اور نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے سندھ ، بلوچستان اور خیبرپختون خوا اسمبلی کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کیا تھا، جس کے مطابق سندھ کے حلقہ پی ایس 43 سانگھڑ ، پی ایس 88 ملیر اور بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 20 ضمنی انتخاب 16 فروری کو ہونا ہیں، جب کہ خیبرپختون خوا کے حلقوں این اے 45 اور پی کے 63 کی خالی نشستوں پر بھی ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کیا گیا، جس کے تحت دونوں حلقوں پر پولنگ 19 فروری کو ہوگی۔