اسلام آباد کسی کے باپ کی جاگیر نہیں ہے، مولانا فضل الرحمان
حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سے ناجائز قبضہ چھڑانے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی تمام پارٹیاں اپنے مؤقف پر قائم اور متفق ہیں، ہمارے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، پالیسی میں تبدیلی کو بڑھا چڑھا کر پیش کر دیا جاتا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کسی کے باپ کی جاگیر نہیں ہے، ہم اسلام آباد سے ناجائز قبضہ چھڑانے کے لیے جائز جدوجہد کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ پی ڈی ایم کی جانب سے آج بہاولپور میں ریلی نکالی جا رہی ہے جس کی قیادت مولانا فضل الرحمان کریں گے جبکہ ریلی میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور دیگر پارٹی قائدین بھی شریک ہوں گے۔