2021تبدیلی کی تبدیلی کا سال ہے عوام اور ملک کی تباہی کے ذمہ داروں کے گھر جانے کا وقت قریب ہے، حاجی علی مدد جتک
کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک، جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ، سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ 2021تبدیلی کی تبدیلی کا سال ہے عوام اور ملک کی تباہی کے ذمہ داروں کے گھر جانے کا وقت قریب ہے جلد ہی تبدیلی سرکار کی چھٹی اور ترجمانوں کی نوکریاں ختم ہونے والی ہیں، یہ بات انہوں نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ عوام سے ایک کروڑ نوکریوں اور 50لاکھ گھروں کا وعدہ کرکے آنے والی سلیکٹڈ حکومت نے لاکھوں لوگوں کو بے روزگار اور بے گھر کردیا ہے، معیشت تباہ حال ہے، آج عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے کرپشن عام ہے نوجوان ڈگریاں ہاتھوں میں اٹھائے سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں 2020حکومت کی بد ترین کارکردگی کا سال تھا جس میں ملک میں عوامی حقوق، میڈیا کی آزادی، پارلیمنٹ اور آئین کی بالادستی پرقدغنیں لگائی گئیں لیکن 2021تبدیلی سرکار کی تبدیلی کا سال ہے اس سال عوام کو ظالم اور جابر حکمرانوں سے نجات دلوائیں گے اور پیپلز پارٹی اس میں ہر اول دستے کا کردار ادا کریگی وہ دن دور نہیں جب پیپلز پارٹی ایک بار پھر میدان میں عوامی خدمت، ملک کے مسائل حل کرنے کے لئے نکلے گی