مولانا فضل الرحمان پی ڈی ایم کو بند گلی میں لے گئے ہیں :شیخ رشید

پشاور: پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان پی ڈی ایم کو بند گلی میں لے گئے ہیں۔ لانگ مارچ کیا تو حکومت حرکت میں آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خاتمے کے لئے آن لائن ویزہ سسٹم لا رہے ہیں۔ 16 فروری کو نواز شریف کا پاسپورٹ ری نیو نہیں ہوگا۔ حکومت کوشش کر رہی ہے کہ ان کو واپس لائیں۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو واپس لانے کی کوشش کی جا رہی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان مافیا کے خلاف ننگی تلوار لے کر لڑ رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا لکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو کرک واقعہ پر سخت نوٹس لینے کا کہا ہے۔ اقلیتیوں کی جائیداد، عبادت گاہوں اور شخصی حفاظت کا بندوبست کرنے کا کہا ہے۔ یہ ہماری آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ن لیگ سے بیک ڈور مذاکرات کا علم نہیں، آج ہو یا کل آخر کار بات ہونی ہے۔ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورت حال بہتر ہے تاہم پشاور، راولپنڈی اور لاہور ریڈ الرٹ ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مفتی کفایت اللہ کا کیس خیبر پختونخوا حکومت کو بھیج دیا ہے۔ پاک فوج کے خلاف غیر شائستہ زبان استعمال کرنے پر حکومت حرکت میں آئے گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ بارڈر مینجمنٹ سسٹم میں بین الاقوامی معیار کے مطابق جدت لا رہے ہیں۔ طورخم بارڈر پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ طورخم کے ذریعے ہم وسطی ایشیا تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات سے مسافروں کی آمدورفت اور سامان کی کلئیرنس مزید سہل ہوجائیگی اور تمام حائل رکاوٹیں اور مشکلات دور ہو جائیں گی۔ افغانستان کو بھی اپنی حدود میں مسافروں اور کنٹینرز کی سہولت کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق طورخم بارڈر پر امپورٹ ایکسپورٹ کے لئے بہترین اور جدید نظام لارہے ہیں۔ طورخم۔ بارڈر پر مسافروں اور کنٹینرز کی آمد و رفت کے لئے پرائمری انسپکشن، پیسنجر ٹرمینل، امپورٹ اور ایکسپورٹ ٹرمینل کے ذریعے جلد اور بہتر طریقے سے کلیئرنس ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے