افغانستان میں امن اور استحکام کیلئے حمایت جاری رکھیں گے، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے افغان وزیر برائے صنعت وکامرس نثار احمد گوریانی نے ملاقات کی ہے۔افغان وزیر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات برادرانہ ہیں۔ پاکستان افغانستان میں امن اور استحکام کے لیے حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پہلے بھی کہا تھا کہ افغانستان تنازعے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ افغانستان میں امن سے پورے خطے کو فائدہ ہوگا۔ افغانستان میں امن سے خطے میں معاشی تعاون کے نئےمواقع پیدا ہوں گے۔گفتگو میں عمران خان نے افغان مسلے کو حل کرنے کے لیے مذاکرات اور تمام فریقین کو تشدد میں کمی لانے کے لیے اقدامات اور سیز فائر پر عملدرآمد کرنے پر زور دیا۔
وزیراعظم نے ٹرانس افغان ریلوےلائن پراجیکٹ کا ذکر بھی کیا۔ وزیراعظم نے پراجیکٹ پر ازبک کوششوں کے لیے پاکستانی حمایت کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں عالمی مالیاتی اداروں کو جوائنٹ اپیل لیٹرز بھی لکھے ہیں۔ملاقات میں افغان وزیر نے صدر اشرف غنی کا پیغام وزیراعظم کو پہنچایا اور انہیں دو طرفہ تجارت سے متعلق بھی آگاہ کیا۔
افغان وزیر نے افغان امن عمل میں پاکستانی مثبت کردار کو سراہا۔ افغان وزیر نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور معاشی تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔خیال رہے کہ وزیر کامرس کی سربراہی میں افغان وفد پاکستان کا 5 روزہ دورے پر ہے۔ وفد پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کوآرڈینیشن اتھارٹی کے اسلام آباد میں ہونے والے 8ویں اجلاس میں شرکت کرے گا۔