حکومت کو چاہئے کہ وہ لوگوں پر روزگار کے دروازے بند نہ کریں،نوابزادہ جمال رئیسانی
کوئٹہ: نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی جماعتوں کا اپنی ساکھ بچانے کے لئے اداروں پر تنقید قابل مذمت ہے،سیکورٹی فورسز کے اہلکار دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کے نذرانے دے رہے ہیں مگر سیاسی جماعتیں ان کی قربانیوں کا اعتراف کرنے کی بجائے ان پر تنقید کرتے ہیں جو باعث شرم ہے عوام مسترد شدہ سیاسی جماعتوں کے بہکاوے میں نہیں آئیں گی۔اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہاکہ پنجگور،تربت،قلات،مستونگ، کوئٹہ اور پشتون علاقوں کے ہزاروں افراد کا روزگار ڈیزل و پیٹرول سے وابستہ ہیں حکومت کو چاہئے کہ وہ لوگوں پر روزگار کے دروازے بند نہ کریں اگر واقعی یہ غیر قانونی کام ہے تو ان لوگوں کے لئے روزگارکے متبادل مواقع پیدا کیے جائیں، انہوں نے کہاکہ کچھ سیاسی جماعتیں اپنی آنا اور ذاتی مفادات کی خاطر ملکی سلامتی اداروں پر جلسوں کے دوران تنقید کرتے ہیں جو آئین و قانون کی خلاف ورزی ہے سیکورٹی فورسز اور ملکی سلامتی اداروں نے ملک اور عوام کی خاطر بہت بڑی قربانیاں دی ہیں جس کی ہمیں قدر کرنی چاہئے مگر بدقسمتی سے سیاسی جماعتیں اقتدارکے حصول اور اپنی سیاسی ساکھ بچا نے کیلئے ملکی اداروں کو ہدف تنقید بنا تے ہیں جو قابل مذمت امر ہے انہوں نے کہا کہ عوام 2018کے انتخابات میں مسترد شدہ سیاسی جماعتوں کے بہکا وے میں نہیں آ ئے گی۔