اپوزیشن سے گزارش ہے بلوچستان کی ترقی پر سمجھوتہ نہ کریں، لیاقت شاہوانی

کوئٹہ :حکومتِ بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی کہتے ہیں کہ سی پیک میں بلوچستان کے لیے منصوبے رکھے گئے ہیں، ان میں بجلی، توانائی اور سڑکوں کے منصوبے شامل ہیں جبکہ ان منصوبوں سے بلوچستان صنعتی ترقی کی طرف جائے گا۔

کوئٹہ میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے لیاقت شاہوانی نے کہا کہ بلوچستان میں سماجی ترقی کے منصوبوں پر کام جاری ہے اور ہم جنوبی علاقوں کے لیے 600 ارب روپے کے پیکیج پر وزیراعظم عمران خان کے شُکرگزار ہیں۔

لیاقت شاہوانی نے کہا کہ پیکیج سے بلوچستان میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا لیکن ہماری اپوزیشن سے گزارش ہے بلوچستان کی ترقی پر سمجھوتہ نہ کریں۔اُنہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ترقی کے عمل کو متنازع نہ بنایا جائے، جام کمال وزیراعلیٰ ہوں یا کوئی اور، ترقی کا عمل یہی رہےگا۔

اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ بلوچستان کے سب لیڈر قابلِ احترام ہیں، بلوچستان کے سیاسی رہنماوں کو ترقی کے اقدامات پر مطمئن کریں گے۔ترجمان حکومتِ بلوچستان نے کہا کہ مینڈیٹ چُرانے کی باتیں پرانی ہیں، اپوزیشن جماعتیں ایک دوسرےپر مینڈیٹ چرانے کے الزام لگاتی رہی ہیں۔

لیاقت شاہوانی نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں میں جمہوریت نہیں، مولانا شیرانی کے معاملے میں ثابت ہوگیا۔ لیاقت شاہوانی نے کہا کہ بلوچستان میں اساتذہ اورڈاکٹروں کی تعیناتیوں کا عمل جاری ہے۔ترجمان حکومتِ بلوچستان نے مزید کہا کہ بلوچستان میں 1500 ڈاکٹروں کی تعیناتیاں کرنے جارہے ہیں، وفاق ملازمتوں میں بلوچستان کے 6 فیصد کوٹے پر عملدرآمد کرائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے