بلوچستان کو اوسطاً چار سو ارب روپے ہر سال ٹرانسفر ہوتا ہے، یہ پیسہ کہاں گیا؟:فواد چوہدری
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا اسٹیج پنجاب دشمن پارٹیوں کی آماجگاہ ہے، نام نہاد نیشلسٹ اپنے لوگوں کو دھوکہ دینے کیلئے پنجاب کو گالی دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دس سال سے بلوچستان کو اوسطاً چار سو ارب روپے ہر سال ٹرانسفر ہوتا ہے، بلوچستان کی ایک کروڑ کی آبادی ہے،یہ پیسہ کہاں گیا؟
وفاقی وزیر نے کہا پی ڈی ایم کے اسٹیج پر پنجاب کو گالی دینا فیشن بن چکا ہے۔ نام نہاد قوم پرست ہر جلسے میں پنجابیوں اور اداروں کو گالی دیتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نام نہاد قوم پرستوں نے گزشتہ روز بھی رواج کے طور پر پنجاب کو گالی دی۔ ان کو نہیں پتہ کہ بلوچستان کو اربوں روپے دیئے گئے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کیا پیپلزپارٹی اور ن لیگ پنجاب سے ووٹ لیے بغیر منتخب ہوسکتے ہیں؟ پنجاب نے قیام پاکستان سے لیکر وفاق پاکستان کے استحکام کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ ہم پاکستانی ہیں، سندھیوں، بلوچوں اور پختونوں کی طرح ہمیں بھی پنجابی ہونے پر فخر ہے۔ پاکستان کی آدھی آبادی پنجابی ہے۔