یکم جنوری کو پی ڈی ایم کا اجلاس طلب
لاہور:مولانا فضل الرحمان نے یکم جنوری کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم کے مطابق اجلاس لاہور میں مریم نواز کے گھر ہوگا جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق یکم جنوری کو لانگ مارچ اوردیگر فیصلے متوقع ہیں۔ اجلاس میں سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے یا نہ لینے کا فیصلہ بھی متوقع ہے۔
اطلاعات ہیں سینیٹ اور ضمنی الیکشن کے بائیکاٹ پر بھی مشاورت کی جائے گی۔ استعفوں کیلئے مناسب وقت کی طے کرنے پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔
خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز گڑھی خدابخش میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ 31 جنوری تک وزیراعظم عمران خان کا استعفیٰ نہ آیا تو لانگ مارچ کریں گے۔سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ عمران خان کو نکالنے کیلئے اپوزیشن جماعتوں کو طریقہ کار بدلنا ہوگا۔
پیپلزپارٹی اور جے یو آئی ف کے درمیان اختلافات ہیں اور مولانا فضل الرحمان نے بےنظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر ہونے والے پی ڈی ایم جلسے میں شرکت بھی نہیں کی تھی۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی لاڑکانہ جلسے میں عدم شرکت کی وجہ سندھ میں اپنی مرضی کے افسران کی تعیناتی نہ ہونا ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے جے یو آئی ف کی جانب سے سندھ میں تبادلوں اور تقرریوں کیلئے دباوَ پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔