ہرنائی:ایف سی کی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ، 7 اہلکار شہید
کوئٹہ : بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی چیک پوسٹ پر مسلح دہشت گردوں کے حملے کے دوران 7 اہلکار شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ رات کے واقعے میں دہشت گردوں نے ایف سی کی چیک پوسٹ کر حملہ کر دیا اور شدید فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 7 اہلکار شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے اہلکاروں میں سپاہی شیر زمان، جمال، عبدالروَف، فقیر محمد، نائب صوبیدار گلزار، سپاہی فیصل اور عبدالوکیل شامل ہیں۔
سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کو پکڑنے کے لیے علاقے کا محاصرہ کر لیا ہے۔ آپریشن میں بڑی تعدادمیں اسلحہ،گولیاں تحویل میں لے لی گئی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیاں امن کو سبوتاژ نہیں کر سکتیں۔دوسری جانب وزیرداخلہ بلوچستان میرضیا لانگو نے ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے ہمیشہ مادر وطن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوسکتے۔