تابعدارخان یہ جنگ آپ ہار چکے ہیں، آپ کی این آراو دینے کی حیثیت ہی نہیں ،مریم نواز

لاڑکانہ: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ آج ایک ہارا ہوا شخص ہم سے این آر او مانگ رہا ہے۔سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی 13 ویں برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خاندان کےافراد کو شہباز شریف سے ملنے کیلئے اجازت لینی پڑتی ہے،ان کا پیغام رساں آتا ہے توجیل کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ آپ کی این آراو دینے کی حیثیت ہی نہیں، اپنی نااہلی چھپانے کیلئے کہتے ہیں، فوج میرے پیچھے کھڑی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام نااہل حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے پی ڈی ایم کا ساتھ دیں،ان کے دور حکومت میں ادویات اور اشیائے خورونوش کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے دور ہیں۔

نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ بلاول مردان جلسے میں نہیں آیا توعمران خان خوش ہوئے کہ پی ڈی ایم میں لڑائی ہو گئی، آج مولانا نہیں آئےتو پھر یہ شخص خوش ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں پھوٹ ڈالنے کا آپ کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا، تابعدارخان یہ جنگ آپ ہار چکے ہیں۔

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہمیں بچے کہا لیکن ان بچوں نے آپ کی نیندیں حرام کی ہیں، آپ بڑوں سے ان بچوں کی شکایتیں لگاتے ہو۔

مریم نواز نے کہا کہ نالائق کو ووٹ چوری کرکے مسلط کر دیا گیا،عمران خان آج خود کہہ رہے ہیں کہ مجھے کچھ پتہ نہیں، وہ خوداعتراف کررہےہیں کہ وہ نااہل اورنالائق ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے گھر جانے تک لوگوں کے گھروں کے چولہے نہیں جل سکتے۔نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ یاد رکھیں، نظریے کو پھانسی نہیں لگ سکتی نہ ہی جلاوطن کیا جا سکتا ہے،آج ہر جگہ بینظیر بھٹو اور نواز شریف کے چاہنے والے موجود ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے