بہادر سیکورٹی فورسز وطن کا دفاع اور دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا جانتے ہیں، جام کمال خان
کوئٹہ :وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے میں سات ایف سی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک مذمتی بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ دہشت گرد حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوسکتے، بہادر سیکیورٹی فورسز وطن کا دفاع اور دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا جانتے ہیں، دہشت گردی کے واقعات میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز ملک کے دفاع میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہی ہیں ہم سب کو ان پر فخر ہے ہم شہید ہونے والے اہلکاروں کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیراعلی نے شہداء کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔